متعین حدود سے زیادہ اختیارات استعمال، پی ٹی وی بورڈ نے منیجنگ ڈائریکٹر کو دس دن کیلئے معطل کردیا

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے بورڈ نے مبینہ طور پر ’متعین حدود سے زیادہ اختیارات استعمال‘ کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور کو 10 روز کیلئے معطل کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل ہونیوالے ایک ہنگامی اجلاس میں پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یہ فیصلہ کیا۔

مذکورہ اجلاس کی سربراہی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سید نعیم بخاری کر رہے تھے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے ترجمان پی ٹی وی نے منیجنگ ڈائریکٹر کی معطلی کی تصدیق یا تردید نہیں نہیں کی۔تاہم وزارت اطلاعات کے ذرائع نے کہا ہے کہ وزارت کی ایڈیشنل سیکریٹری شاہیرہ شاہد کو 10 روز کیلئے پی ٹی وی کی منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج دے دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں عامر منظور نے پی ٹی وی کے نوتشکیل شدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔انہوں نے اپنے خلاف پیش کردہ ’چارج شیٹ‘ کو ادارے کو مستحکم کرنے کی ان کوششوں کا ’ایک ردعمل‘ قرار دیا، جسے ان کے بقول نعیم بخاری کے ایڈ ہاک فیصلوں نے مشکل میں ڈال دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ’پی ٹی وی کے مالی بدلاؤ کو تیز کردیا‘ تھا جبکہ ساتھ ہی انہوں نے اپنے خلاف الزامات کو ’بدنیتی اور ادارے کیلئے ان کی خدمات کو بدنام کرنے کی مہم کا حصہ‘ قرار دیا۔۔۔۔۔

ایم ڈی پی ٹی وی بھی چیئرمین نعیم بخاری کے عتاب کا نشانہ بن گئے

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور بھی چیئرمین پی ٹی

وی بورڈ نعیم بخاری کے عتاب کا نشانہ بن گئے اور نام نہاد چارٹ شیٹ کے ذریعے انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور نےنعیم بخاری کے غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کر دیا تھا جس پر نعیم بخاری نے پی ٹی وی بورڈ کو استعمال کرتے ہوئے ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی اور انہیں چارج شیٹ بھی کر دیا جس پر عامر منظور کا یہ موقف سامنے آیا ہے کہ یہ سب کچھ نعیم بخاری کی ایماء پر ہو رہا ہے اور جو چارج شیٹ میں ان پر الزامات لگائے گئے ہیں وہ قطعی طور پر بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں۔ان کا یہ موقف ہے کہ وہ ادارے کو مستحکم کرنے کی کوشش میں مصروف تھے لیکن نعیم بخاری کو یہ سب پسند نہیں آیا اور انہوں نے من مانی پر مبنی فیصلے کرتے ہوئے انہیں چارج شیٹ کیا،ایم ڈی کا یہ بھی موقف تھا کہ وہ اس سرکاری ادارے کو قواعد کے تحت چلا رہے تھے اور جو منڈیٹ عمران خان نے دیا تھا اس کے مطابق آگے بڑھ رہے تھے انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کو مالی طور پر بہتر کرنے کی کوششیں باآور ثابت ہوئیں اور اس ریاستی ادارے نے آپریشنل منافع بھی دکھانا شروع کر دیا تھا اس کے باوجود ان کے خلاف ایک منظم مہم چلائی گئی اور ان پر بے بنیاد الزامات عائد کر کے کارروائی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں