کراچی ( پی این آئی) صوبہ سندھ کو رواں ماہ کورونا ویکسین مل جائے گی، جس کے بعد سندھ کورونا ویکسین حاصل کرنے والا پہلا صوبہ بن جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ این سی او سی اور نیشنل ویکسین ٹاسک فورس کے تعاون سے سندھ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین مل جائے گی۔اس حوالے
سے سندھ حکومت نے ویکسینیشن کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے کوآرڈینیشن سیل قائم کردیا ہے۔کورونا ویکسین کی دستیابی کے حوالے سے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بتایا ہے کہ صوبہ سندھ کو رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں کورونا ویکسین مل جائے گی، انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے پراونشل کوآرڈینیشن سیل بھی قائم کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد سندھ میں کو آرڈینیشن سیل قائم کردیا گیا ہے، جس کی سربراہی سیکرٹری صحت سندھ کریں گے۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت کورونا ویکسین سے متعلق میں ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ نیشنل ویکسین ٹاسک فورس اور این سی او سی کے تعاون سے رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں کورونا ویکسین سندھ کو مہیا کردی جائے گی، سندھ کو تقریباً سوا لاکھ کے قریب ڈوز ملیں گی۔ پہلے مرحلے میں کووڈ کے وارڈز میں ڈیوٹی کرنیوالے ہیلتھ پروفیشنلز اور فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی، جبکہ اس میں پبلک اور پرائیویٹ ہیلتھ سسٹم میں کام کرنیوالے ورکرز شامل ہوں گے۔وزیر صحت سندھ نے ویکسینیشن کیلئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں کام کرنے والے فرنٹ لائن ورکرز کا ڈیٹا مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ عذرا فضل پیچوہو نے بتایا کہ ہر فرد کو 21 دن کے وقفے کے ساتھ ویکسین کی 2 ڈوز لگائی جائیں گی، ویکسینیشن کیلئے تمام افراد کو بذریعہ فون پہلے آگاہ کیا جائے گا، ویکسین کے مرحلے سے گزرنے والے افراد کو ایک کارڈ بھی دیا جائے گا جو سفری مقاصد کیلئے بھی استعمال ہوسگے گا۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے کراچی ایکسپو سینٹر کو کورونا وائرس ویکسینیشن سینٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں