بچوں کی موجیں ختم، سرکاری اسکولوں میں نوماہی امتحان لینے پر غور شروع، ممکنہ تاریخ بھی بتا دی گئی

لاہور (پی این آئی) عالمی وبا کورونا کے پیش نظر ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند ہیں اور تدریسی عمل رُکا ہوا ہے۔ تاہم اب طلبا کی موجیں جلد ختم ہونے والی ہیں کیونکہ پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں نوماہی امتحان یکم فروری سے لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام بچوں سے معروضی

امتحان لیا جائے گا جبکہ سالانہ امتحان اپریل کے آخر میں لیے جانے کا امکان ہے۔معروضی امتحان لینے کے حوالے سے اساتذہ کو آن لائن تربیت دی جائے گی۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بچوں کو اگلی جماعت میں 50 فیصد نمبر ہوم ورک اور 50 فیصد امتحانی نمبروں کی بنیاد پر پروموٹ کیا جائے گا۔ ہر سال نوماہی امتحان موسم سرما کی چھٹیوں سے قبل لیا جاتا تھا۔پنجاب بھر کے ڈیڑھ کروڑ طلباء امتحان میں شرکت کرتے تھے۔ امتحانات کا انعقاد بروقت نہ ہونے سے طلباء کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل ایک تقریب سے خطاب کے دوران تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا تھا کہ 4 جنوری کو چاروں صوبوں کے وزراء تعلیم کا مشترکہ اجلاس ہے۔اجلاس میں اسکول بند رکھنے کی مدت میں توسیع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سکول بند رکھنے کے حق میں نہیں ہوں۔کورونا وبا سے تعلیم کا بہت نقصان ہو رہا ہے۔موجودہ حالات میں اسکولز مزید بند کرنے کی طرف جا سکتے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چئیرمین کورونا ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاء الرحمان نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلیمی ادارے دو ماہ تک نہ کھولے جائیں۔ تاہم تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے تدریسی نظام درہم برہم

ہو گیا ہے جس پر طلبا کے والدین نے تشویش کا اظہار کیا اور تعلیمی ادارے کھولنے کے مطالبے میں شدت آ رہی ہے۔یاد رہے کہ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم لرننگ کا سلسلہ جاری رہے گا ،26 نومبر سے پاکستان کے تمام تعلیمی ادارے سے آن لائن کلاسز لے سکتے ہیں۔اسکول کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز سب بند ہوں گے۔ 25 دسمبر سے 10جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی اور تعلیمی اداروں میں بچے نہیں آئیں گے، بچے گھر بیٹھ کر تعلیم جاری رکھیں گے۔11 جنوری کو اگر حالات بہتر ہوئے تو تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دئیے جائیں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close