حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی سے ہاتھ ملا لیا

کراچی (پی این آئی) حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کیساتھ ہاتھ ملا لیا، دونوں جماعتوں کا مستقبل میں رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ، مردم شماری کے آڈٹ کا مشترکہ مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان پیپلزپارٹی کا وفد سینیٹر تاج حیدر کی قیاد ت میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز

بہادر آباد پہنچا جہاں ایم کیو ایم کے اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین اور اراکین رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری اور جاوید حنیف نے وفد کا استقبال کیا۔پیپلزپارٹی کے وفد میں صوبائی وزیر سعید غنی اور وقار مہدی شامل تھے ۔ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال، سینیٹ انتخابات اور سندھ کی مردم شماری کے نتائج پر گفتگو کی گئی۔پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان نے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے مردم شماری میں درستگی کیلئے پارلیمانی جماعتوں کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کا مطالبہ کردیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنماتاج حیدر نے کہا ہے کہ بہت سی چیزیں ایسی ہیں جن پردونوں جماعتوں کاموقف مشترک ہے۔ اختلافات اپنی جگہ مگر مسائل پر گفتگو جاری رہنی چاہیے۔مردم شماری کے نتائج کو نہیں مانتے ہیں ۔اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے گا ۔ایم کیوایم ہمارے ساتھ آئے سینے سے لگے توبہت خوشی ہوگی۔ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری نے کہا کہ شکرگزارہیں کہ پیپلزپارٹی مستقل مزاجی سے مردم شماری کے مسئلے کواٹھارہی ہے۔مشترکہ حکمت عملی کی جہاں ضرورت ہو وہاں ہم ساتھ ہیں۔عوامی بہتری کے فیصلوں میں ہم نے سیاست نہیں کی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے ایم کیوایم سے رابطہ کیاگیا ہے ۔ہم نے ان کو آگاہ کردیا ہے کہ مردم شماری کا معاملہ ہمارے معاہدے کااولین حصہ تھا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close