اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گی، ان کوسمجھ ہےکہ سینیٹ میں عمران خان اکیلا ہوگا تو 18ویں ترمیم ختم کرےگا اورسخت قوانین بھی لائےگا، مولانا فضل الرحمان کیلئے آج ایک صف ماتم بچھی ہوگی، گھر عمران خان نہیں بلکہ پی
ڈی ایم والے جائیں گے۔انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کے استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا ہے، نہ نوازشریف واپس آئے گا اور نہ ہی یہ استعفے دیں گے۔ یہ ضمنی الیکشن اور سینٹ کا الیکشن بھی لڑیں گے۔ ن لیگ کے دو ہی استعفے آئے ہیں تو ان کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو اپنی کی ہوئی باتوں سے پیچھے ہٹنے کیلئے ایک سہارا چاہیے۔پیپلزپارٹی سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لیتی ہے تون لیگ بھی لے گی۔ پیپلزپارٹی کے فیصلے کے بعد ن لیگ میں بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا پریشر ہوگا۔ کیونکہ عمران خان اکیلا سینیٹ میں ہوگا تو 18ویں ترمیم بھی ختم کرےگا اور بہت سارے سخت قوانین بھی لائے گا، یہ ان کو سمجھ ہے۔ شہبازشریف کیوں چپ ہیں یہ ان کی پارٹی کا مسئلہ ہے۔ آصف زرداری چھاتی کے ساتھ پتے لگا کر کھیلتے ہیں اور اچھا کھیلتے ہیں۔جبکہ عمران خان بھی بہترانداز میں کھیلے ہیں۔ پی ڈی ایم روز بروز تنزلی کا شکار ہوگی۔ عمران خان نہیں بلکہ پی ڈی ایم والے گھر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت اللہ پر مقدمے کا فیصلہ ہوا ہے لاہور سے علاج کیا جائےگا۔ جو شخص بھی عظیم افواج، شہیدوں اور غازیوں کی افواج کیخلاف بدزبانی کرےگا، اس کیخلاف آئین وقانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔مزید برآں انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ لانگ مارچ ہوتا دیکھ رہا ہوں تاہم اس سے نمٹنے کیلئے فی الحال کوئی حکمت عملی نہیں بنائی۔ مذاکرات کیلئے نہ ہم سے کسی نے رابطہ کیا نہ ہمارا کسی سے رابطہ ہوا۔ 31 جنوری تک وزیراعظم مستعفی ہوں گے نہ ساری اپوزیشن استعفے دے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں