اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے گیس کی لوڈشیڈنگ کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے، صنعتوں کو بجلی اور گیس کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی شکایت پر فوری ایکشن لے لیا ہے۔انہوں نے گیس لوڈشیڈنگ کے معاملے کی وجوہات جاننے اور اس کے تدارک کیلئے وفاقی وزراء اور متعلقہ افسران کو بھی طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ توانائی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔ صنعتوں کو بجلی اور گیس کی فراہمی پر بھی بریفنگ دی جائے۔ دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لاہور وگردونواح میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، یومیہ گھنٹوں سوئی گیس کی طویل بندش کے باعث گھریلو سطح پر معاملات زندگی جام ہو کر رہ گئے ہیں، گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس کی غیراعلانیہ طور پر بندش اورانتہائی کم پریشرسے لاہوروگردونواح میں صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی ہے،گیس بندش سے جہاں شہری سردی سے ٹھٹھررہے ہیں وہیں پر گھروں میں ایک وقت کا کھانا بنانا ناممکن ہوگیا ہے۔ اسی طرح کراچی میں گیس کابحران سنگین صورتحال اختیارکرگیا،خواتین کیلئے گھروں میں کھانا پکانا دشوارہوگیا۔ کئی علاقوں میں کئی کئی گھنٹے گیس غائب رہتی ہے اور جہاں گیس آتی ہے پریشر اتنا کم آتاہے کہ کھانا پکانے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں، اس ضمن میںخواتین نے بتایاکہ کھانا تو جیسے تیسے پک ہی جاتا لیکن روٹی بنانے میں شدیدپریشانی کا سامنا کرناپڑتاہے اس لئے روٹی تنور سے خریدنے پر مجبور ہیں۔گیس پریشر میں کمی کے باعث ناظم آباد، شادمان
ٹائون، کورنگی، اورنگی ٹائون،اولڈ سٹی ایریا، سائٹ اور ملیر کے علاقے میں گھریلوصارفین مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔اس ضمن میں شہریوں نے بتایاکہ گھروں میں گیس نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے گھروں پر ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ باہر سے جو چیزیں خرید کر لاتے ہیں وہ معیاری نہیں ہوتی ہیں۔شہریوں نے بتایاکہ جب آفس سے جائیں تو گھر میں کھانا نہیں پکتا ہے، گھر پر اب چائے بھی نہیں ملتی ہے۔شہر قائد کے علاقے پنجاب کالونی، گلشن حدید اور شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں گیس پریشرمیں کمی اور لوڈشیڈنگ کی شکایات عام ہونے کے باعث امورخانہ داری سے وابسطہ خواتین بھی پریشانی میں مبتلا ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں