شریعہ اکیڈمی میں جسٹس فائز عیسیٰ کا اسلام اور ماحولیات کے موضوع پر لیکچر جسٹس فائز عیسٰی نے ماحولیات کے متعلق عدالتی فیصلوں میں قواعد شریعہ کے پہلوؤں کی نشاندہی کی

اسلام آباد (پی این آئی) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی شریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام امام سرخسی خطبات کے سلسلے میں ایک خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس فائز عیسیٰ نے اسلام اور ماحولیات کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی ،

اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالحئی ابڑو ، اکیڈمی و جامعہ کے اساتذہ ، اکیڈمی کے 62 ویں کورس میں شریک ججز ،اٹارنیز ، قاضی ، پراسیکیوٹرز اور لاء آفیسر سمیت گلگت و چترال کے وکلاء نے بھی شرکت کی۔ جسٹس فائز عیسٰی نے ماحولیات کے متعلق عدالتی فیصلوں میں قواعد شریعہ کے پہلوؤں کی نشاندہی کی اور جنگلی حیات ، نباتات اور پارکس سے متعلق مقدمات پر بحث کرتے ہوئے ان میں اسلامی تعلیمات سے استفادہ کیے جانے پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے مقدمات کے فیصلوں میں قرآنی آیات اور احادیث کے اقتباسات کا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں بقائے ماحولیات اور قدرت کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگلی حیات اور قدرت سے متعلق مقدمات میں دینی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے لیکچر سیریز کے انعقاد پر اکیڈمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانونی برادری سے متعلقہ بہترین کورسز کا انعقاد ، کانفرنسوں اور مباحثوں کا اہتمام اور اس ضمن میں دنیا بھر کے اداروں سے تعاون اکیڈمی کا خاصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے شرکاء کو معروف قانونی شخصیات سے سیکھنے اور تجربات کے تبادلے کا موقع ملے گا۔ قبل ازیں ، ڈی جی شریعہ اکیڈمی ڈاکٹر عبدالحئی ابڑو نے شرکا و انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لیکچر سیریز کے مقاصد اور

تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کے ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close