کراچی (پی این آئی) 8 پاکستانی نرسوں اور مڈ وائفس کو دنیا کی 100 ممتاز نرسوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی نرسوں اور مڈوائفس کو گلوبل 2020 کی 100 آؤٹ اسٹینڈنگ ویمن نرسز اینڈ مڈوائفس کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ آؤٹ اسٹینڈنگ ویمن نرسز اینڈ مڈوائفس کی فہرست
میں شامل یہ تمام خواتین آغا خان یونیورسٹی اسکول آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری (سونم)سے بطور اساتذہ منسلک ہیں یا اس ادارے کی فارغ التحصیل طالبات ہیں۔آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دنیا بھر کے 43 ممالک سے 100 نرسوں اور مڈوائفس کو اعزازات دیے گئے ہیں۔ صحت عامہ کے معیارات کو بہتر بنانے کے لیے گراں قدر خدمات اور خصوصاً عالمی وبا جیسے مشکل حالات میں ان کی مسلسل خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازات سے نوازا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق قائدانہ صلاحیت کی حامل ان نرسوں اور مڈوائفس کو ویمن ان گلوبل ہیلتھ(ڈبلیو جی ایچ)کی جانب سے اعزازات دیئے گئے ہیں جوعالمی ادارۂ صحت، اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ، نرسنگ ناؤ، انٹرنیشنل کونسل آف نرسز اینڈ انٹرنیشنل کنفیڈریشن آف مڈوائفس کے ساتھ اشتراک میں کام کرتا ہے۔اسکول آف نرسنگ کی ڈین ڈاکٹر روزینہ کرملیانی کوبورڈ اینڈ مینیجمنٹ’ کیٹیگری کے تحت اعزاز دیا گیا ہے جبکہ اساتذہ یاسمین پارپیو او ثمینہ ورٹیجی کو’کمیونٹی ہیرو‘ کیٹگری کے تحت مقامی آبادی کی صحت اور نرسنگ خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے ہیں، ادارے کی استاد صائمہ سچوانی کوہیومن کیپیٹل ڈیویلپمنٹ’ کیٹگری کے تحت موثر نصاب کی تیاری و تشکیل کے سلسلے کی گئی خدمات کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا ہے۔نرس ومڈوائف مرینہ بیگ کو انوویٹیو، سائنس اینڈ ہیلتھ’ کیٹگری کے تحت موبائل ہیلتھ ٹیکنالوجی کو ماوں کی صحت میں بہتری کے لیے استعمال کرنے کی کاوشوں کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا ہے۔ سونم سے فارغ التحصیل تین طالبات کو بھی کمیونٹی ہیرو’ کیٹگری کے تحت اعزازات دیئے گئے۔ شیلا ہیرانی کو کووڈ-19 عالمی وبا کے دوران ماں کے دودھ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس کے فروغ، تحفظ اور معاونت کی سرگرمیوں پر؛ نیلم پنجانی کو جنسی اور تولیدی صحت اور حقوق کے حوالے سے بہتری اور معاونت پر اور صدف سلیم کو معمر افراد کی نرسنگ کے سلسلے میں خدمات کے حوالے سے اعزازات دیے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں