اسلام آباد (پی این آئی) نئے سال کی آمد کا تحفہ، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، فیصلہ آئی ایم ایف کے دباو پر کیا گیا، 300 یونٹ سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مزید 3 پیسے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی کے فی یونٹ پر 18پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد فی یونٹ 13روپے 35پیسے سے بڑھ کر 13روپے 53پیسے ہو گیا ہے۔300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 15پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ تین سو یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 3 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ سے ہو گا جو آنے والے 10 ماہ کے لیے کیا گیا ہے ۔دوسری جانب نیپرا نے بجلی کی تین سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیرف میں اضافے کر دیا،گوجرانوالہ، ملتان، سکھر کے صارفین سے 916 ارب روپے وصول کرنے کا پروانہ جاری کر دیا گیا ،نیپرا کے فیصلے کے اطلاق کی حتمی منظوری حکومت دے گی ۔حکام کے مطابق نیپرا کے فیصلے کی روشنی میں بجلی کا یونیفارم ٹیرف لاگو کیا جائے گا، ملتان ریجن کے صارفین سے 553 ارب روپے وصول کرنے کی منظوری دی دی گئی ،میپکو کا مالی سال 2019-20 کا اوسط ٹیرف 16.52 روپے فی یونٹ مقرر کر دی گئی ،مپیکو کا مالی سال 2018-19 کا اوسط ٹیرف 16.88 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ،گیپکو کا مالی سال 2019-20 کا اوسط ٹیرف 15.69 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ،گیپکو کا مالی سال 2018-19 کا اوسط ٹیرف 15.14 روپے مقرر کر دیا گیا۔ نیپرا کے مطابق گیپکو صارفین سے مجموعی طور پر 334 ارب روپے وصولی کی منظوری دے دی گئی ،سکھر کے صارفین سے ڈسٹریبیوشن ٹیرف کی مد میں 16 ارب سے زائد وصول ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں