لاڑکانہ (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 31 جنوری تک استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ کریں گے، دنیا کی کوئی طاقت عوام کا راستہ نہیں روک سکتی، عوام کٹھ پتلی وزیراعظم کو کرسی سے گھسیٹنے کیلئے تیار ہیں، ہم ایک پیج اور ایک سٹیج پر ہیں، پی ڈی ایم کی کال پر عوام تیار
رہیں،تاریکیں چھٹنے والی اور ظلم کی رات ڈھلنے والی ہے۔انہوں نے لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام غربت اور مہنگائی سے تنگ ہیں ، عوام کٹھ پتلی کو نہیں چھوڑیں گے، عمران عوام کا نمائندہ اور منتخب وزیراعظم نہیں بلکہ غاصب ہے، جس نے عوام کے حقوق غصب کیے ہیں، میں کیسے مانوں ملک میں جمہوریت ہے، وہ جمہوریت جس کیلئے ذوالفقار بھٹو نے جان کی قربانی دی، یہ جمہوریت نہیں جس میں تقریر کرنے ، جلسے کرنے اور لکھنے کی آزادی نہ ہو،اساتذہ احتجاج کریں تو لاٹھیاں چلتی ہیں۔میں اس کو جمہوریت نہیں مان سکتا۔ یہ آمروں جابروں کا وطیرہ ہے۔آپ سب گواہ ہیں ہم نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے آمروں سے ٹکرائے، یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟ یہ ملک کٹھ پتلی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا، اس حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو خدانخواستہ یہ ملک کا بیڑہ غرق کردیں گے۔ یہ سلیکٹڈ حکمران ضیاء اور مشرف کی طرح ردی کی ٹوکری میں ہوں گے، ان کا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا، جو عوام سے ٹکراتا ہے وہ پاش پاش ہوجاتا ہے۔اس ناجائز وزیراعظم کو لانے والے اس کو عقل اور حوصلہ کیسے دیتے۔ بہادری اور عقل مندی بازار سے نہیں ملتی، یہ کرپٹ آٹا، چینی ، ادویات کی چوری والے عوام کو کیا دیں گے؟ ان کا وقت ختم ہوگیا ہے، یہ عوام کو دھمکیاں دیتے ہیں، پچھلے دوسالوں میں حکومت نے ریکارڈ قرض لیے ہیں، پوری تاریخ کا قرض ایک طرف، جبکہ عمران خان کے دور میں لیا گیا قرض ایک طرف ہے۔ اس کو جواب دینا پڑے گا۔ عوام کو اس قرض کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ عوام جواب لے کر رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں