لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی نائب صد رمریم نوازنے اپنے والد اور پارٹی قائد محمدنوازشریف کوسالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کی بیٹی بھی ہوں اور آپ کے سیاسی نظریے، بصیرت کی پیرو کار بھی ہوں۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ آپ کی بیٹی ہوناایک اعزازبھی ہے اور ایک
عظیم ذمہ داری بھی ، ایک بیٹی کی حیثیت سے اپنے والد او رایک کارکن کے طور پر اپنے قائد کے لئے دعا گو ہوں،اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ پاکستان اور ہم سب پر تادیر قائم رکھے ۔انہوںنے کہا کہ آپ کی سالگرہ پر آپ سے مل نہیں سکتی مگرحوصلہ اس بات کا ہے کہ میں آپ کے نظریات اور جدوجہد پرثابت قدمی سے کھڑی ہوں،الحمداللہ میرے قدم اس راستے سے ڈگمگائے نہیں ،جس راستے پر آپ اپنی قوم کے لئے چل رہے ہیں اللہ کرے ہماری اگلی ملاقات آپ کی مکمل صحت کے ساتھ ہو ۔
بانی پاکستانی کا 144 واں یوم پیدائش قومی جوش و جذبے سے منایا گیا
لاہور ( این این آئی) بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کا 144واں یوم پیدائش انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعائوں سے ہوا جس میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اورسلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی ۔مزار قائد پرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار کی سکیورٹی سنبھال لی۔پروقار تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری تھے۔ تقریب میں اعلی فوجی وسول حکام کے ساتھ لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمدبخاری نیمزارقائدپرپھول چڑھائیاورفاتحہ خوانی کی، بانی پاکستان کو اعزازی سلام بھی پیش کیا گیا، مہمان خصوصی میجرجنرل عمراحمدبخاری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔اعلیٰ حکومتی ،عسکری اور سیاسی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دے کر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ یوم قائد اعظم ؒ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کے تحت سیمینار ، کانفرنسز اور مذاکروں کا اہتمام
کیا گیاجس میں بانی پاکستان کو ان کی گرانقدر خدمات اور برصغیرکے مسلمانوں کیلئے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے کیلئے جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ملک کے مختلف مقامات پر کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں ۔ریڈیو پاکستان ،سرکاری و نجی ٹی وی چینلز بانی پاکستان کی شخصیت کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کئے جبکہ اخبارات و رسائل نے خصوصی مضامین شائع کئے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں