وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے اتفاق رائے کو توڑ کرقومی و عسکری قیادت کی توہین کی، ن لیگی سیاستدان نے سنگین الزام عائد کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے گلگت بلتستان کے اتفاق رائے کو توڑ کرقومی و عسکری قیادت کی توہین کی، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی میں اتفاق ہوا تھا کہ گلگت بلتستان الیکشن سے قبل صوبائی حیثیت پر کوئی بات نہیں کرےگا، لیکن عمران

خان نیازی نے قومی اتفاق رائے کو توڑنے کا مرتکب ہوا ہے۔انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ ن نے پارٹی قیادت کو استعفے جمع کروا دیے ہیں۔ جن دو جعلی استعفوں کی خبریں چلا دی گئیں؟ جب کوئی کرنسی مضبوط ہوتی ہے تو اس کے نقلی نوٹ چھاپے جاتے ہیں۔ لیکن وہ کرنسی نوٹ اصلی نوٹوں کا متبادل نہیں ہوتے۔اگلے الیکشن میں شیخ رشید شاید پیپلزپارٹی سے ٹکٹ لینے کے خواہشمند ہیں، اسی لیے شیخ رشید پیپلزپارٹی قیادت کی تعریف کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کو سیاسی بنا رہے ہیں۔ اپوزیشن کی کردار کشی ذہنی پسماندگی کی نشانی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کے فیصلوں کی پابند ہے۔ مذاکرات کادروازہ صرف عمران خان کے استعفے کی چابی سے کھل سکتا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ہمیشہ تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کتنے گروپ بنائے گئے۔ملک کی تباہی کے پیچھے عمران نیازی کی نااہلی اورناکامی ہے۔ انہون نے کہا کہ پاکستان کی ساری سیاسی قیادت کو آرمی چیف کی دعوت پر بلایا گیا، وہاں پرگلگت بلتستان الیکشن سے قبل صوبائی حیثیت پر کوئی بات نہ کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ ملاقات میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی موجود تھے۔ لیکن عمران خان نیازی نے قومی اتفاق رائے کو توڑا، قومی اورعسکری قیادت کی توہین کی۔ ملکی اداروں کو سیاست میں دھکیل رہے ہیں، سیاست کو انتشار کی طرف لے کرجارہے ہیں۔

close