اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس کوئی جواب نہیں، اسی لیے نیب میں پیش نہیں ہورہے، احتساب سے کوئی نہیں بھاگ سکتا، میں نے خود عدالت کا سامنا کیا اور ہر چیز پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی و حکومتی ترجمانوں کا
اجلاس ہوا۔ جس میں ملک کی سیاسی معاشی اور پی ڈی ایم تحریک سے متعلق مشاورت کی۔شرکاء نے کہا کہ مریم نواز نے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی ساکھ ختم کردی۔ کل اجلاس میں پیپلزپارٹی کی غیرموجودگی نے ثابت کردیا یہ ایک دوسرے سے مخلص نہیں۔ شرکاء نے کہا کہ آج بھی دو ایم این ایز نے استعفیٰ دیا پھرغائب ہوگئے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر دوہری پالیسی بےنقاب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے کارنامے عوام کو بتائے جائیں۔پی ڈی ایم کا اتحاد اپنی موت آپ مرجائے گا۔ پی ڈی ایم خود اختلافات کا شکار ہے۔ استعفے دینے والے اب استعفوں سے بھاگ رہے ہیں۔ چارٹرآف ڈیموکریسی کی شق 23 میں کھلی ووٹنگ کی بات کی گئی تھی۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن اب چارٹرآف ڈیمو کریسی کی شق 23 سے مکررہی ہیں۔ اپوزیشن انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ ہوتی تو اوپن ووٹنگ کی مخالفت نہ کرتی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان نیب میں اس لیے پیش نہیں ہو رہےکہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں۔لیکن کوئی بھی احتساب سے بھاگ نہیں سکتا، میں نے خود عدالت میں ہر چیز پیش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ لینڈ مافیا کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ مسلم لیگ ن میں بڑے قبضہ مافیا موجود ہیں۔ قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی تو معلوم ہوا مسلم لیگ ن کے ایم این ایز شامل ہیں۔ قبضہ مافیا کیخلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔ مزید برآں وزیراعظم کی زیرصدارت پی آئی اے کی تعظیم نو سے متعلق اجلاس ہوا۔جس میں ڈاکٹر عشرت حسین نے بریفنگ دی کہ تنظیم نو سے پی آئی اے کی مالی حالت میں بہتری لائی جاسکے گی۔ منافع بخش روٹ بڑھا کر بین الاقوامی خطوط پرسروس دی جاسکےگی۔ وزیرِاعظم نے پی آئی اے کی تنظیمِ نو کیلئے اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت مکمل کرنے کی ہدایت کی کہ پی آئی اے آپریشنز منافع بخش بنانے کیلئے سروس کوعالمی معیارکا بنانا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں