مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منائے گی

لاہور ( این این آئی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار انتہائی جوش و خروش مذہبی تزک و احتشام اور روایتی جذبہ کے ساتھ منائے گی ۔کرسمس ٹریز کی تیاری کے ساتھ ساتھ تمام چرچز کو انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے ۔کرسمس کی مناسبت سے گرجا گھروں

میںخصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں مسیحی برادری کے افراد اپنی مذہبی تقریبات کی ادائیگی اور عبادات کریں گے ،اس موقع پر ملکی ترقی ، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔دنیا بھر کے مسیحی افراد ہر سال 25دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام (یسوع مسیح) کے یوم ولادت کے موقع پر کرسمس کا تہوار انتہائی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ اس دن کو یسوع مسیح کی دنیا میں آمد کو امن و خوشی کے دن کی بشارت کی یاد تازہ کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ کیونکہ مسیحی عقیدے کے مطابق یسوع مسیح کا دنیا میں آنا انسان کو نجات کی راہ دکھاتا ہے۔ 24اور 25دسمبر کی درمیانی رات مسیحی برادری کے افراد نے اپنی عبادت گاہوں میں جمع ہوکر اس دن کی یاد تازہ کی ۔ اس موقع پر معاشرے ،ملک ،دنیا بھر کے حکمرانوں اور عوام کی خیر و عافیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جاتی ہیں تاکہ دنیا سے جنگ نفرت دہشت گردی جھگڑے ختم ہوں اور تمام انسان خلوص پیار و محبت سے آپس میں مل جل کر رہتے ہوئے امن قائم کریں۔ کرسمس کے اس پرمسرت موقع پر سانتا کلاز کے روپ میں ایک شخص بچوں میں کھلونے اور دیگر تحائف بھی تقسیم کرتا ہے۔ نیز مسیحی اس دن کو بڑا دن یا بڑی عید بھی قرار دیتے ہیں۔کرسمس کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

کئے گئے ہیں ۔ عبادتگاہوں میں آنے والے مسیحیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت ہو گی ۔پولیس کی طرف سے مسیحی عبادتگاہوں کی طرف آنے والے راستوں کی ناکہ بندی کی جائے گی جبکہ عبادتگاہوں کے اندر اور چھتوں پر بھی سکیورٹی تعینات ہو گی ۔پولیس افسران سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کے لئے پیٹرولنگ بھی کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close