اپوزیشن نے استعفے دیے توسینیٹ مکمل عمران خان کے پاس چلا جائے گا، اپوزیشن کے سینئر سیاستدان نے خبردار کر دیا

لاہور(پی این آئی) پیپلزپارٹی کے سینئرمرکزی رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے استعفے دیے توسینیٹ مکمل عمران خان کے پاس چلا جائے گا، حکومت اتنی آسانی سے نہیں گرتی، اگر 400نشستیں خالی ہوئیں تو ان پر منی جنرل الیکشن ہوگا، جس کو پی ڈی ایم کیلئے بڑا رسک سمجھتا ہوں۔انہوں نے نجی ٹی وی

سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی کے ضمنی الیکشن پر 45دن لگتے ہیں، اگر نشستیں خالی ہوگئیں، الیکشن عدم استحکام ضرور پیدا کرتے ہیں لیکن اس دوران اگر ان کا سینیٹ پر مکمل کنٹرول حاصل ہوگیا تو ان کو پورے نظام ان کے ہاتھ میں چلا جائے گا۔سینیٹ کی بہت اہمیت ہے، 1988ء کی محترمہ بے نظیر کی حکومت میں سینیٹ میں صرف تین ارکان تھے،باقی سارے جنرل ضیاء اور غلام اسحاق کے بیٹھے ہوئے تھے۔لیکن اس کے باوجود ہم نے حکومت چلائی، جب یہ ہمیں ہر طرح سے نکالنے میں ناکام ہوگئے تو ہمیں 58ٹوبی کے تحت فارغ کیا۔ اس لیے حکومت اتنی آسانی سے نہیں گرتی۔پی ڈی ایم کے جلسے اچھے ہوگئے ہیں، لیکن حکومت تو خود ناکام ہے، وہ خود گرتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر 400نشستیں خالی ہوجائیں، اور ان پر ضمنی الیکشن ہو، تو یہ ایک منی جنرل الیکشن ہوگا۔الیکشن تو بعض اوقات ایک حلقے کا ہی نظام کو ہلا کررکھ دیتا ہے۔لیکن اس کی قیمت ہم یہ ادا کریں گے کہ سینیٹ مکمل طور پر عمران خان کے ہاتھ میں چلا جائے گا ۔ اس وجہ سے میں اس کو بہت بڑا رسک سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف لندن میں مزے کررہے ہیں، مریم نواز نے چھوٹی سی سیاسی عمر میں اپنے چچا کو زیر کردیا ہے، یہ ان کا کمال ہے، کبھی آرپار کا پیغام دیتی ہیں، یہ آرپار ایسے نہیں ہوتے سیاست میں تو بڑے مشکل مرحلے ہوتے ہیں۔سیاست میں مریم اور بلاول کا ایک ساتھ چلنا یہ عجب بات عجوبہ ہے۔ مجھے توقع نہیں تھی ہماری جماعتوں میں اس قدر قربتیں ہوجائیں گی۔ نوازشریف جب وزیراعلیٰ تھے تو ہماری حکومت کیخلاف جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگاتے تھے، تحریک عدم اعتماد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں