اسلام آباد (پی این آئی) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان انتخابی دنگل سجنے کیلئے تیار، الیکشن کمیشن نے 7 نشستوں پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا، سندھ اور بلوچستان میں انتخابات 16 فروری جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر 19 فروری کو ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن
آف پاکستان نے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی خالی 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ (تین)، پی ایس 88 ملیر (دو) اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین (تین) میں ضمنی انتخاب 16 فروری کو ہوں گے۔ جبکہ پنجاب میں این اے 75 سیالکوٹ، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 گوجرانوالہ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 63 نوشہرہ، این اے 45 کُرم میں ضمنی الیکشن کا انعقاد 19 فروری ہوگا۔الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن کی تاریخوں کے علاوہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بھی اہم بیان جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ عام طور پر ایوان بالا کے انتخابات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوتے رہے ہیں۔ سینیٹ کے نصف اراکین 11 مارچ 2021ء کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ اس بار بھی الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق مناسب وقت پر انتخابات کی تاریخ جاری کرے گا۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق سینیٹ انتخابات کا انعقاد ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، آئین اور قانون کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات سے قبل بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وقت سے قبل انتخابات نہیں کرواسکتے۔ سینیٹ الیکشن کاقانون موجود ہے، سینیٹ انتخابات قانون کےمطابق اپنے وقت پرہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں