کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت آنے پرعالمی ادارے نے پاکستان کو بڑی امداد دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت آنے پر یونیسیف نے پاکستان کو ساڑھے 11 لاکھ کورونا ٹیسٹنگ کٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کورونا ٹیسٹنگ کٹس کی ضرورت بڑھ گئی ہے، پاکستان کی جانب سے کورونا ٹیسٹنگ

کٹس کےحصول کے لیے عالمی سطح پر رابطے بھی جاری ہیں، اس سلسلے میں یونیسف نے پاکستان کو عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے 11 لاکھ 50 ہزار کرونا ٹیسٹنگ کٹس فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیسیف جنوری 2021ء میں پاکستان کو ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرے گا۔ یونیسیف ٹیسٹنگ کٹس عالمی بینک سے حاصل فنڈنگ سےفراہم کرےگا۔صوبے وفاق کو کورونا ٹیسٹنگ کٹس کی ضرورت سےآگاہ کریں گے، جس کے بعد یونیسیف کی فراہم کورونا ٹیسٹنگ کٹس صوبوں میں تقسیم کی جائیں گی، وفاق سندھ حکومت کو 4 لاکھ 50 ہزار کورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرے گا، باقی صوبوں کے بارے میں مزید تفصیلات منظر عام پر نہیں آسکی ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا وبا کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37206 ٹیسٹ کیے گئے جس میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد رہی ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے باعث مزید 80 افراد انتقال کر گئے جس میں سے 44 افراد وینٹی لیٹر پر تھے، ان اموات کے ساتھ ہی ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 9330 تک پہنچ گئی ہے۔این سی اوسی مطابق ملک بھر میں مزید 2615 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 673 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد40 ہزار 553 ہے جبکہ اب تک 4 لاکھ 4 ہزار 501 افراد کورونا سے جنگ جیت کر صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں