صوبائی دارالحکومت لاہور میں 30سال بعد جنرل ہسپتال بنانے کی تیاریاں، تحریک انصاف حکومت نے ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال بنانے کی منظوری دیدی

لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت نے لاہور فیروز پور روڈ پرایک ہزار بستروں پرمشتمل ہسپتال بنانے کی تیاری کرلی، منصوبے کو ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنیکی منظوری دے دی گئی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراضی امورجلد منتقلی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں 30 سال بعد جنرل ہسپتال بنایا جائیگا،سابق

حکومتوں نے آبادی کے لحاظ سے صحت کی سہولتوں میں اضافہ نہیں کیا،ہر شہری کو ہیلتھ کوریج مہیا کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 47 واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں فلاح عامہ کے متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی – اجلاس میں لاہور کے علاوہ تمام ڈویژنل ہیڈ کواٹرز پر پناہ گاہیں بنانے کی منظوری دے دی۔پناہ گاہیں پنجاب حکومت پاکستان بیت المال کے تعاون سے بنائے گی-ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں ایمرجنسی اور او پی ڈی بلاک تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی -اس منصوبے پر تقریباً 2ارب روپے لاگت آئے گی -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت ایمرجنسی اور اوپی ڈی بلاک تعمیر کرنے کے لئے ضروری امور جلد طے کرے۔اجلاس میں چوکی والا(این55 )تحصیل تونسہ سے این70 (چاپڑ/بلوچستان )براستہ زین، بارتھی اورکھڑربزدار 122کلومیٹر طویل سڑک کی بحالی وتعمیر کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور اس منصوبے پر تقریباً 9ارب روپے لاگت آئے گی – چوکی والا سے زین تک سڑک پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تعمیر کرے گی جبکہ باقی سڑک کی تعمیر کے لئے وفاقی حکومت سے فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی،اس سڑک کی تعمیر سے پنجاب اور بلوچستان کے مابین آمدورفت میں آسانی ہوگی اور فاصلہ کم ہوگا۔اجلاس میں پی پی 289 ڈیرہ غازی خان شہر کے اربن روڈ پیکیج کے لئے سیوریج کے کام کی منظوری دی گئی اورگوادر میں پنجاب ہاؤس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا،پنجاب ہاؤس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب تعمیر کرے گی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے فیصل آباد کے لئے ترقیاتی پیکیج کے تحت 4اہم سڑکوں کی بحالی و تعمیر کی منظوری دی گئی۔ سمندری روڈ،تاندلیا والا روڈ ، جڑانوالہ روڈ او رجھنگ روڈ کی بحالی و تعمیر کی جائے گی-اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ریوررائن ایریا کے لئے 3 آرمڈ کیرئیر گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی گئی- اجلاس میں وہوا ترقیاتی پیکیج کے تحت محکمہ آبپاشی کے منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی-وہوا ترقیاتی پیکیج کے تحت علاقے کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ہوا میں واٹر سپلائی، فلٹریشن پلانٹس اور ہینڈپمپس کی سکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی،وہوا میں فیملی پارک بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی عثمان بزدارنے ہدایت کی کہ غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں کو بھی فنکشنل کیا جائے اورنئی سکیموں کو فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔لوگ

صاف پانی کو ترس رہے ہیں اور محکمے بلا جواز تاخیر کررہے ہیں۔ متعلقہ محکمے تمام امور جلد نمٹائیں اور سکیموں پر کام شروع کریں-اجلاس میں وہوا کی 7 سڑکوں کی بحالی و تعمیر کی بھی اصولی منظوری دی گئی اوروہوا کے دیہی مرکز صحت کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ اپ گریڈیشن سے وہوا کے لوگوں کو علاج معالجے کے لئے تونسہ یا ڈیرہ غازی خان نہیں جانا پڑے گا۔محکمہ صحت دیہی مرکز صحت میں طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنائے گا۔ اجلاس میں تونسہ پریس کلب کے لئے 10لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی جبکہ 16ویں چولستان ڈیزاٹ ریلی 2021 اور تھل ڈیزاٹ ریلی 2020 کے لئے ضروری فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی-صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،سیکرٹری ہاؤسنگ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری فنانس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close