ہم حکومت گرانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ کا سہارا نہیں لیں گے، اپوزیشن رہنما نے حکومت کو گرانے کا طریقہ بھی بتا دیا

لاہور(پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے آرمی چیف سے حکومت گرانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، عوامی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کو گرائیں گے، اسٹیبلشمنٹ کے سیاست میں مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہئیں، حکومت چند ماہ کی مہمان ہے، ایف

آئی اے اور پولیس حکومت کی خاطر اپنی ملازمتوں کو داغدار نہ کرے۔پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عظمیٰ بخاری اور عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ ملک بچانے کے لئے ہے ، کابینہ میں کوئی 3 ایسے قابل شخص بتا دیں جن پر قوم کو اعتماد ہو کہ یہ ملک کو بچا سکتے ہیں۔ یہ سب صرف الزام تراشی کر سکتے ہیں اور چلے ہوئے کارتوس ہیں ،اس کارکردگی سے یہ حکومت نہیں چلا سکتے ۔انہوں نے کہا کہ کل کے وزیراعظم کے انٹرویو سے لگتا ہے کہ وہ اندر سے ڈرے ہوئے ہیں اور خوف کا شکار ہیں ،اب وقت آ چکا ہے کہ 72 سالوں کی غلطیوں سے سبق سیکھا جائے ،سیاستدان یہ سبق سیکھ چکے اب اسٹیبلشمنٹ کو بھی سبق سیکھنا ہو گا ،تمام ادارے اپنا اپنا کرم کریں تو یہ ملک جنت بن جائے گا ،اصل مسئلہ یہ ہے کہ لوگ اپنا کام چھوڑ کر دوسروں کے کام میں ٹانگ اڑاتے ہیں جس سے نظام تلپٹ ہو جاتا ہے ،اب وقت آ گیا ہے کہ سب خود احتسابی سے چلیں تو ملک موجودہ بحران سے نکل سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاستدانوں نے ملک کو ہمیشہ مضبوط کیا ہے جبکہ مارشل میں ہمیشہ ملک کو نقصان ہوا ہے۔ سی پیک، آئین، گوادر سمیت کچھ نہ کچھ سیاستدانوں نے کیا ہے جبکہ مارشل لاء اور غیر جمہوری ادوار میں ملک کا نقصان ہوا ہے۔ 35 سال کے مارشل لا ء کے دوران نکلنے والے سیاستدانوں میں ذوالفقار بھٹو، نواز شریف اور بینظیر بھٹو اوردیگر شامل ہیں جنہوں نے عوام کی حکمرانی کا نعرہ بلند کیا جو ان کا جرم بن گیا ۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان یکم فروری کو

پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی ،پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متحد اور متفق کھڑی ہیں۔ وزیراعظم کہتے تھے کہ اپوزیشن احتجاج کرے گی تو کنٹینر اور کھانا دوں گا۔ وزیر اعظم کہتے تھے کہ چار لوگوں نے گو عمران گو کا نعرہ لگایا تو گھر چلا جائوں گاآج کراچی سے پشاور تک گو عمران گو کے نعرے لگ رہے ہیں لیکن ڈھٹائی سے کرسی پر براجمان ہیں۔عمران خان نے اپنی خفت اور ناکامی چھپانے کے لئے اداروں کا سہارا لیا۔ یہ ثابت شدہ بات ہے کہ آپ کا لیول ڈی چوک کے کنٹینر کے لیڈرکا ہے ،عمران خان پولرائزنگ شخصیت ہیں، گالیاں اور انتشار پیدا کر سکتے ہیں لیکن ڈیلیور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اقتدار کی جنگ نہیں لڑ رہی بلکہ عوام کی جنگ لڑ رہی ہے، مہنگائی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے اس لئے حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد ایڈہاک اضافہ کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں