نیب نے مولانا فضل الرحمٰن کیخلاف شکنجہ تیار کر لیا، اثاثوں اورذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کر لی گئیں

اسلام آباد(پی این آئی) نیب نے سربراہ جے یو آئی ف اور پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے اثاثوں اور ذرائع آمدن کی تفصیلات طلب کرلیں۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے مولانا فضل الرحمان سے اثاثاجات کی تفصیل کے لیے پوچھ گچھ شروع کردی، مولانا سے سوال نامے میں پوچھا گیا ہے کہ مولانافضل الرحمان اپنے اور

خاندان کے بینک اکاؤنٹس اور الیکشن اخراجات کی تفصیل جمع کرائیں،اپنی سرپرستی میں چلنے والے مدارس کی تفصیلات،ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔نیب کی جانب سے بھیجے گئے سوال نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اثاثے اور مدارس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی بتائی جائے۔نیب نے فضل الرحمان سے ڈی آئی خان میں چونسٹھ کنال کی اراضی خریدنے، بیٹے کے نام خریدی گئی دو کنال پندرہ مرلہ زرعی زمین، ملتان کینٹ میں بیٹے کے نام پانچ مرلہ زمین خریدنے کا ذریعہ آمدن بھی پوچھا ہے۔ واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ نیب نے مجموعی طور پر 714 ارب روپے کرپٹ افراد سے برآمد کئے جبکہ 4 لاکھ 75 ہزار سے زائد کرپشن کی شکایات موصول ہوئیں۔نیب نے اپنی 20 سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی،کرپشن کے خاتمے کا بیڑا اٹھایا، کرپٹ افراد سے پیسہ نکلوایا،احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر گامزن قومی احتساب بیورو نے اپنی کارکردگی رپورٹ سامنے رکھ دی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 20 سال میں مجموعی طور پر 714 ارب روپے ریکور کئے، رضا کارانہ رقوم کی واپسی اور پلی بارگین کے ذریعے 69 ارب، بینک قرض ڈیفالٹ مقدمات میں 121 ارب، عدالتی جرمانوں کی صورت میں 44 ارب ، بالواسطہ طور پر 402 ارب روپے برآمد کئے۔رپورٹ کے مطابق اس وقت نیب میں 930 انکوائریاں اور 346 انویسٹی گیشن جاری ہیں جبکہ 1247 مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں