اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کمرشل بینکوں نے غریب آدمی کو گھر بنانے کیلئے قرض دینا شروع کردیا، غریبوں کو گھر کیلئے قرض ملنا خوش آئند ہے،آسان اقساط میں ادائیگیوں کی سہولت موجود ہوگی۔تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب کو چھت فراہم کرنا قومی خدمت ہے۔ تفصیلات کے
مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی ہاؤسنگ و تعمیرات کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔جس میں گھروں کی تعمیر اور کمرشل بینکوں کے ذریعے قرضوں کے عمل و طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ کمرشل بینکوں کو قرضوں کے حصول کیلئے کثیر تعداد میں درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ کمرشل بینکوں نے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے دینے شروع کردیے ہیں۔تمام کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی قرضوں کے آسان طریقہ کار کا جائزہ لیتی ہے۔اس عمل کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کی آگاہی کیلئے میڈیا مہم بھی شروع کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ منصوبے کی تکمیل کا پروگرام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، منصوبے میں 35 ہزار یونٹس تعمیر کرنا شامل ہیں، ابتدائی مرحلے میں 4 ہزار یونٹس تعمیر کیے جارہے ہیں،منصوبے کی تکمیل جون 2022ء میں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بات گھر بنانے کیلئے قرضے دیے جا رہے ہیں، غریب آدمی کو گھر کیلئے بینک قرضے فراہم کررہے ہیں، جو خوش آئند ہے،آسان اقساط میں ادائیگیوں کی سہولت موجود ہوگی۔تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب کو چھت فراہم کرنا قومی خدمت ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کمرشل بینکوں نے غریب آدمی کو گھر بنانے کیلئے قرض دینا شروع کردیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں