کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے صوبے کے دینی مدارس کو تعلیمی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے صوبے میں عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر تمام دینی مدارس میں تعلیمی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ
کیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق صوبے بھر کے تمام دینی مدارس میں تدریسی عمل فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔یہاں واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شدت اختیار کر رہی ہے جس نے شہریوں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے ، جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 71 اموات ہوئیں جب کہ کورونا کے 2545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 80 ہوگئی ، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 29 ہزار 291، سندھ میں ایک لاکھ 99 ہزار 706، خیبر پختونخوا میں 53 ہزار 609، بلوچستان میں 17 ہزار 838، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 804، اسلام آباد میں 35 ہزار 441 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 833 کیسز رپورٹ ہوئے ، پنجاب میں 3 ہزار 491، سندھ میں 3 ہزار 237، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 502، اسلام آباد میں 381، بلوچستان میں 176، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 194 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اس ضمن میں پاکستان کے 3 بڑے شہر عالمی وباء کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دے دیے گئے ، وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے 75 فیصد کا تعلق کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سے ہے جب کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی کراچی ، لاہور اوراسلام آباد میں ہوئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں