لاہور(این این آئی)معاون خصوصی وزیراعلی ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے کہاہے کہ راجکماری وزیراعظم عمران خان کے بغض اور عناد میں عوام کو گمراہ کررہی ہے، راجکماری نے شاہی محل میں جھوٹ کے انبار لگا دیئے،راجکماری کو ایسی جمہوریت پسند نہیں جس میں وہ حکومت میں نہ ہوں،یہ وہی راجکماری ہے جو
کہتی تھی کہ میری پاکستان سے باہر تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، عمران خان نے 22سالہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو گلے سڑے نظام اور شاہی خاندان کی نسل درنسل غلامی سے نجات دلائی- ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں فرق یہ ہے کہ ان کا لیڈر عدالت کا سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو ہے جبکہ ہمارے وزیراعظم کو عدالت نے ہی صادق اور امین قرار دیا ہے- انہوں نے کہا کہ نسل درنسل کرپشن کی ٹرافیاں ، گھوسٹ کمپنیاں اور ٹی ٹیز راجکماری کے خاندان کا طرہ امتیاز ہیںجبکہ عمران خان نے ان کی طرح نہ اقرباء پروری کی اور نہ اپنے خاندان کو پالابلکہ دوخاندانی نظام کے حکومتی نظام کو عوام کی طاقت سے تہس نہس کردیا- فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کو اڑھائی سال بعد یاد آیا ہے کہ یہ دھاندلی زدہ حکومت ہے -مریم نواز اپنے اقتدار کو ہی جمہوریت سمجھتی ہیں-وہ اس امر کا جواب دیں کہ انہوں نے اپنی کنیزوں سمیت آج سے چند ماہ پہلے تک خاموشی کا روزہ کیوں رکھا ہوا تھا- عمران خان الیکٹرل پراسیس میں ریفارمز لانے کے خواہاں ہیں مگر گیارہ جماعتوں کا بے روزگار ٹولہ ان ریفارمز سے لاتعلقی کا مظاہرہ کررہا ہے-انہوں نے کہا کہ سینٹ میں واضح اکثریت پی ٹی آئی کا حق ہے
-اپوزیشن شو آف ہینڈ کے ذکر سے ہی بلبلا اٹھی ہے کیونکہ نواز شریف چھانگا مانگا کی سیاست اور چمک کے داؤ پیج سے ہارس ٹریڈنگ کرنے اور ادارووں کو یرغمال بنانے میں یدطولی رکھتے ہیں- انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز راجکماری کے چچا کا ہی ہے کہ ان کی جج کو اپنی مرضی کا فیصلہ حاصل کرنے کے لئے کئے گئے فون کی ٹیپ مارکیٹ میں ہر جگہ عام ہے- انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کو آئین و قانون کے تابع بنانے کے عزم پر قائم ہے ہم آئین سے باہر کوئی قدم نہیں رکھیں گے اور سپریم کورٹ سے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینٹ کے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے رہنمائی طلب کی گئی ہے- ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ میاں جاوید لطیف کا بیان ظاہر کررہا ہے کہ ان سے اپنا گھر نہیں سنبھل رہا اور پارٹی میں ہر طرف اضطراب پایا جارہا ہے- انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے استعفوں والا کارڈ کھیلنے کے ساتھ ہی ہم بھی ان کو ایک سرپرائز دیں گے جس سے پتہ چلے گا کہ ان کے کتنے ساتھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ ظل سبحانی کا کرسیوں سے خطاب مریم نواز کا روگ بن گیا ہے – ایک اور سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کا گڈا گڈی کاجو کھیل کھیل رہی ہے اس میں پی پی پی (ن) لیگ کے بیانئے سے متفق نظر نہیں آرہی-ابھی اپوزیشن استعفوں کے معاملے پر تاریخ پر تاریخ دے کر پینترے
بدل رہی ہے- انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سب کچھ قربان کرسکتی ہے لیکن اپنا مال پانی نہیں چھوڑے گی اور اس کے مال پانی کی کان سندھ حکومت میں چھپی ہوئی ہے-اس موقع پر کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے بتایا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اراضی کے حصول کے لئے پانچ ارب روپے کا قرض دینے اور ماسٹر پلان میں آنے والی سرکاری اراضی دینے کی منظوری دے دی گئی ہے- انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے خصوصی افراد کے لئے تین فیصد خصوصی کوٹہ کے تحت دی جانے والی ملازمتوں میں بالائی عمر کی حد میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے- کابینہ نے بڑے ہسپتالوں میں چارجز وصول کرنے کی تجویز بھی مسترد کردی ہے- انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے منشور کے مطابق پنجاب کابینہ نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں کلاس اول تا پنجم تک کا نصاب پرائیویٹ و سرکاری سکولوں اور مدرسوں میں یکساں طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں