پاکستان کے اہم ترین شہر میں دفعہ 144نافذ، افغان شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی

پشاور (پی این آئی) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں دفعہ 144نافذ کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق شہر میں دفعہ 144 ایک ماہ کیلئے لگائی گئی ہے جس کے تحت کالے شیشے والی گاڑیوں ، اسلحے کی نمائش اور افغان شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جب کہ اس دوران پشاور میں آتش گیر مادہ اور

پٹاخوں کی خریدو فروخت پر بھی مکمل پابندی رہے گی۔اس کے ساتھ ساتھ پشاور میں سکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول کی چھٹی برسی کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جب کہ پشاور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بھی سخت کر دی گئی ہے ، پشاور میں تمام اہم سرکاری و غیرسرکاری عمارات کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ، آئندہ 2 ماہ کے لیے ہر قسم کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اسلام اباد میں 5 سے زائد افراد کے اجتماع ، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کی گئی ہے کیوں کہ خدشہ ہے کہ سیاسی اور مذہبی شرپسند عناصر مظاہروں سے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کا مسئلہ پیدا کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے اسلام آباد میں 9 مختلف سرگرمیوں پر پابندی کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جن میں اسٹون بلاسٹنگ اور اشتعال انگیز مواد کی فروخت شامل ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ اسلحہ ساتھ لے کر چلنے اور آتش گیر ساز و سامان کی خرید وفروخت پر بھی مکمل پابندی ہوگی ، بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں وال چاکنگ اور پمفلٹ تقسیم کرنے ، لائوڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال اور غیر قانونی ہائوسنگ اسکیم کے اشتہارات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close