اسلام آباد (پی این آئی) اس وقت اپوزیشن انتہائی مقبول ہے ، اب الیکشن ہوئے تو رائیونڈ میں ٹکٹ لینے والوں کا رش لگ جانا ہے۔ عمران خان کے پاس کوئی ٹکٹ لینے نہیں آئے گا ، ان خیالات کا اظہار تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم اتحاد ملک میں
ضمنی الیکشن نہیں ہونے دے گا ، اس مقصد کیلئے وہ الیکشن کمیشن کا گھراو کریں گے اور پولنگ اسٹیشن میں لوگوں کو نہیں آنے دیا جائے گا ، جس کی بناء پر لڑائی جھگڑے ہوں گے لیکن اس سب کے باوجود اگر یہ فیصلہ ہوبھی گیا کہ ضمنی الیکشن ہوں گے تو اس صورت میں اپوزیشن پھر الیکشن میں اپنے لوگ کھڑے کرے گی لیکن عمران خان کی جماعت کو جیتنے والے لوگ نہیں ملیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس وقت بہت غیر مقبول ہوچکے ہیں جس کی وجہ ان کی حکومت کی کارکردگی ہے اس لیے انہیں اب ووٹ نہیں پڑیں گے اور یہ سب جانتے ہیں تو ایسی صورت میں کون ان کے پاس جائے گا ، اس کی بجائے لوگ رائیونڈ پہنچ جائیں گے اور باقی جماعتوں سے بھی کہیں گے ہمیں ٹکٹ دیں گے جس کی وجہ سے تمام اچھے امیدوار اپوزیشن کی جماعتوں کے پاس چلے جائیں گے ، اس صورت میں اگر الیکشن ہوئے تو اپوزیشن کلین سوئپ کرجائے گی۔خیال رہے کہ پی ڈی ایم پر مشتمل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی طرف سے ان دنوں حکومت مخالف تحریک جاری ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز لاہور میں ایک جلسہ بھی کیا گیا ، اس جلسے کی میزبان مسلم لیگ ن تھی ۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مینار پاکستان میں جلسے کو تاریخ ساز جلسہ قرار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ہزاروں کی گنجائش والے یادگارِ پاکستان پر 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم جلسے میں 10 ہزار افراد بھی شرکت نہ کر سکے۔پولیس ذرائع نے شرکاء کی تعداد کے بارے میں کہا کہ 4 سے 5 ہزار افراد موجود ہیں جب کہ اسپیشل برانچ کا کہنا ہے کہ ساڑھے 3 ہزار سے 4 ہزار افراد شریک ہیں۔آزاد ذرائع کے اندازے کے مطابق تقریباََ 6 سے ساڑھے 6 ہزار افراد شریک ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کے نہ پہنچنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت نے اراکین اسمبلی سے ناراضی کا اظہار کر دیا ، دوسری جانب اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ مینار پاکستان لاہور جلسے میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں