پی ڈی ایم جلسے میں متنازعہ تقریر، محمود خان اچکزئی پر پنجاب میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) محمود خان اچکزئی پر پنجاب میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ڈی ایم کے مینار پاکستان جلسے میں پنجاب کی عوام سے متعلق متنازعہ بیان دینے کے بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے محمود خان اچکزئی کیخلاف شدید ردعمل دیا گیا

ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جیسے محسن داوڑ پر بلوچستان میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے، ویسے ہی وزیراعلیٰ عثمان بزدار بھی محمود اچکزئی پر پابندی عائد کریں۔پیر کو معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ لاہور کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کے جلسے کو مسترد کیا ،انہوں نے جلسے کو ناکام کر کے بتایا ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہماری سوچ کی بنیاد کے خلاف ہے ،پی ڈی ایم کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ فوج کے خلاف جو عوام کو بھڑکایا جا رہا ہے عوام ہرگز اس کا ساتھ نہیں دینگے اور لاہور جلسہ یہ وجہ تھی کہ ناکام ہوا ۔انہوں نے کہاکہ محمود اچکزئی ایک مشن پر ہیں ،یہ پاکستان کے مخالف ہیں یہ وفاق کے مخالف ہیں یہ اعلیٰ کار ہیں ،وہ پنجاب میں پنجاب کے خلاف بات کرتے ہیں وہ وفاق کے خلاف بات کرتے ہیں ان کا کام ہی یہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی عزت پنجاب کی وجہ سے ہے،یہ پنجاب کی بے عزتی (ن )لیگ کے ایم این اے اور ایم پیز نے مسکراتے مسکراتے سنی،سعد رفیق کچھ روز پہلے کہہ رہے تھے جاگ پنجابی پنجابی، جب محمود اچکزئی نے یہ بات کی خواجہ سعد رفیق کھانسی کا شربت پی رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی،پاکستان کی بقا میں سب سے زیادہ خون پنجابیوں کا بہا ہے ،(ن )لیگ کی قیادت کی خاموشی نے پنجابیوں اور پاکستانیوں کا دل توڑا ہے۔ ایک بیرونی ایجنٹ ا ٓکر لاہور میں جلسہ کرے اور ان کے خلاف باتیں کریں تو ہمارا گلہ تو پی ڈی ایم سے بنتا ہے ،پی ڈی ایم کی خاموشی نے ہم سب کا دل لاہوریوں کا دل توڑا ہے ،مسلم لیگ ن نے پنجاب کی پیٹھ میں پہلے بھی وار کیا تھا۔ فواد چوہدری نے کہاکہ بلوچستان میں محسن داوڑکاداخلہ بند ہے، وزیراعلیٰ کو محمود اچکزئی کا داخلہ پنجاب میں بند کر دینا چاہیے، دو تین دن میں سیاسی درجہ حرارت میں کمی آتی نظر آئیگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close