لاہور (پی این آئی) آن لائن سروے میں عوام کی اکثریت نے پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ ناکام قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی عمران خان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ڈی ایم لاہور جلسے کے بعد عوام کی رائے جاننے کیلئے ایک سروے کروایا گیا۔سروے میں عوام سے جلسے سے
متعلق 3 سوال کیے گئے۔سوال کیا گیا کہ آیا آپ کی رائے میں پی ڈی ایم لاہور جلسہ کامیاب تھا، ناکام تھا یا مناسب تھا۔ سینئرصحافی کی جانب سے ٹوئٹر پر کروائے گئے سروے میں 87 فیصد لوگوں نے جلسے کو ناکام، جبکہ 7 فیصد نے کامیاب قرار دیا۔ جبکہ سروے کے دوران 5 سے زائد فیصد افراد نے کہا کہ پی ڈی ایل کا جلسہ مناسب تھا۔ سروے میں کل 35 ہزار افراد نے حصہ لے کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے گذشتہ روز لاہور میں مینار پاکستان میں جلسہ کیا ، اس جلسے کی میزبان مسلم لیگ ن تھی۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مینار پاکستان میں جلسے کو تاریخ ساز جلسہ قرار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ہزاروں کی گنجائش والے یادگارِ پاکستان پر 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم جلسے میں 10 ہزار افراد بھی شرکت نہ کر سکے۔پولیس ذرائع نے شرکاء کی تعداد کے بارے میں کہا کہ 4 سے 5 ہزار افراد موجود ہیں جب کہ اسپیشل برانچ کا کہنا ہے کہ ساڑھے 3 ہزار سے 4 ہزار افراد شریک ہیں۔آزاد ذرائع کے اندازے کے مطابق تقریباََ 6 سے ساڑھے 6 ہزار افراد شریک ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کے نہ پہنچنے پر مسلم لیگ ن کی قیادت نے اراکین اسمبلی سے ناراضی کا اظہار کر دیا۔دوسری جانب اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ مینار پاکستان لاہور جلسے میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں شریک عوام کی تعداد کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں۔ تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ جلسے میں 20 ہزار سے زیادہ لوگ نہیں آئے ۔جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے جلسے میں ایک لاکھ افراد کے شریک ہونے کا دعویٰ کیا ، اور تو اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے دعویٰ کیا کہ جلسے میں دس لاکھ سے زائد لوگ شریک تھے۔انہوں نے کہا کہ کہ اگر آپ مجھے اتنا کہہ رہے ہیں تو میں بتا دیتا ہوں کہ جلسے میں لوگوں کی تعداد دس لاکھ سے زائد تھی۔ ہمارا یہی ٹارگٹ تھا کہ اتنے لوگ آئیں گے ۔دوسری جانب حکومتی نمائندوں کے مطابق جلسے میں صرف دس سے پندرہ ہزار لوگوں نے شرکت کی۔ پی ڈی ایم کی جانب سے اسے اب تک کا سب سے کامیاب جلسہ قرار دیا گیا جبکہ حکومتی نمائندوں نے مینار پاکستان کی خالی جگہوں کی تصویر شئیر کرتے ہوئے اسے جلسہ قرار دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں