رواں ہفتے کا پہلا کاروباری دن، اسٹاک ایکسچینج 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی (پی این آئی) پی ڈی ایم جلسے کے بعد پہلا کاروباری روز، اسٹاک ایکسچینج 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، پیر کے روز کاروبار کے دوران پی ایس ایکس کے 100 انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کا زبردست اضافہ، 43 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ڈی ایم کے

مینار پاکستان جلسے کے بعد خدشہ تھا کہ اپوزیشن کے کسی بڑے اعلان کے نتیجے میں ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہو گا، جس کے نتیجے میں معاشی معاملات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔عمومی طور پر سیاسی عدم استحکام کا منفی اثر سب سے پہلے اسٹاک مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ تاہم گزشتہ روز کے پی ڈی ایم جلسے کی ناکامی کی خبروں کے بعد آج پیر کو ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھرپور سرمایہ کاری کی۔سرمایہ کاروں کے اعتماد کے باعث رواں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ایک ہی دن میں پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 795 پوائنٹس بڑھ گیا، جس کے بعد انڈیکس 11 ماہ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث 43 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 43316.11 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا، بعد ازاں کاروبار کا اختتام پر 100 انڈیکس 43266.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ رواں ہفتے کے پہلے پورے کاروباری روز میں تیزی کے باعث مارکیٹ میں 1.87 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 33 کروڑ 76 لاکھ 35 ہزار 686 شیئرز کا لین دین ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے 5مہینوں میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 28.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی تانومبر2020 تک کی مدت میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3.330 ارب

ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 28.2 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.597 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا، نومبر 2020میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 615.1ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال نومبرمیں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 490.8ملین ڈالرمالیت کا زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔سمندرپارمقیم پاکستانیوں کی جانب سے جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زرملک ارسال کرنے کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں مجموعی طورپر26.9 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں