فرینڈلی حلقوں نے وزیر داخلہ کیلئے وزیراعظم عمران خان کو کونسے دونام تجویز کئے تھے جنہیں رد کرکے وزیراعظم نے شیخ رشید کو یہ اہم ذمہ داری سونپی ؟ تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے دو وزرا کے قلمدان تبدیل کر دئے۔ وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کو وزارت داخلہ جبکہ اعظم سواتی کو وزارت ریلوے کا قلمدان سونپ دیا جس پر کئی چہ مگوئیاں بھی ہوئیں۔ اس حوالے سے سینئیر صحافی و کالم نگار

سہیل وڑائچ نے اپنے حالیہ کالم میں بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں کافی عرصے سے یہ سرگوشی جاری تھی کہ وزیر داخلہ اعجاز شاہ بیمار ہیں اس لیے ان کی جگہ کوئی متحرک وفاقی وزیر داخلہ لایا جائے انہی سرگوشیوں کے مطابق فرینڈلی حلقے نے وزیراعظم خان کو پرویز خٹک اور چوہدری فواد حسین کے نام تجویز کیے تھے، تاہم وزیراعظم نے اپنی جماعت کے ان لوگوں کے حوالے سے سفارشات کو رد کرتے ہوئے شیخ رشید کو یہ عہدہ دیا ہے، ظاہر ہے اس فیصلے کے بعد پارٹی کے اندر کھینچا تانی اور اِٹ کھڑکا اور بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں اُلٹ پھیر سے شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنایا جانا نہ صرف ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ ان کی ترقی کے مترادف ہے، دوسری طرف اس فیصلے سے یہ بھی لگتا ہے کہ خان صاحب کو پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزرا ء میں کوئی ایسا نہیں ملا جسے وہ وزیر داخلہ کا عہدے دے سکیں۔ اس حوالے سے کچھ ذرائع نے بتایا کہ شیخ رشید نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنتے ہی وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا تھا۔لیکن وزیراعظم عمران خان نے تجربے کی بنیاد پر شیخ رشید کو وزیر ریلوے بنایا تھا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے شیخ رشید کو وزارت ریلوے لینے پر آمادہ کیا تھا تاہم وہ ریلوے کی وزارت ملنے پر خوش نہیں تھے۔ لیکن اب جبکہ شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے تو وہ وزیراعظم کے اس فیصلے سے خاصے خوش اور مطمئن ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close