اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن نے قبل از وقت سینیٹ انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کو قبل از وقت سینیٹ الیکشن کروانے کیلئے گرین سگنل مل گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم نے سینیٹ الیکشن رکوانے کیلئے منصوبہ
بندی کر رکھی ہے، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کچھ روز قبل سینیٹ الیکشن کیلئے الیکٹورل کالج توڑنے کا اعلان کیا تھا۔اپوزیشن اسمبلیوں سے مستعفی ہو کر سینیٹ الیکشن کا الیکٹورل کالج توڑنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مارچ میں اپوزیشن کے 50 سے زائد سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔ اگر اپوزیشن کے سینیٹر رواں ماہ مستعفی ہوتے ہیں تو الیکشن کمیشن کو سینیٹ میں ضمنی الیکشن کروانا پڑے گا اور ان انتخابات کی نتجے میں سینیٹر بننے والے افراد صرف چند دن کیلئے سینیٹ کا حصہ بنیں گے۔اس تمام صورتحال میں الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات اب مارچ کی بجائے فروری میں کروانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ قانونی طور پر سینٹرز کی ریٹائرمنٹ سے 30 روز قبل الیکشن کروانا ممکن ہے، اس لیے امکان ہے کہ سینیٹ الیکشن 15 فروری یا اس کے بعد کروائے جا سکتے ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد سے بیشتر نشستیں چھن جانے کا امکان ہے، جس کے بعد تحریک انصاف قومی اسمبلی کیساتھ ساتھ سینیٹ میں بھی اکثریت حاصل کر لے گی۔سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد تحریک انصاف باآسانی اور اپوزیشن کے بنا ہی کوئی بھی قانون سازی کرنے کی پوزیشن میں ہوگی۔ اسی باعث اپوزیشن حکومت کو سینیٹ انتخابات میں کامیابی سے دور رکھنے کیلئے کوشاں ہیں، جبکہ حکومت بھی اپوزیشن کی منصوبہ بندی ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کر چکی۔ الیکشن کمیشن نے قبل از وقت سینیٹ انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں