اسلام آباد (پی این آئی )گوجرانوالہ سے (ن )لیگ کے ایم پی اے چوہدری اقبال گجر نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کروا دیا ہے۔اقبال گجر نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ملک مشکل حالات میں ہے اور ضروریات زندگی کی اشیاء غریب آدمی کی قوت خرید سے باہر ہیں، سلیکٹیڈ حکومت سے جان چھڑانے کیلئے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو پیش کر رہا ہوں۔نجی ٹی وی کے مطابق
چوہدری اقبال گجر نون لیگ کے وہ خاص ایم پی اے ہیں جن کے صاحبزادے احسن جمیل گجر وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے منہ بولےبھائی اور بہو خاتون اول کی بیسٹ فرینڈ ہیں۔دریں اثنا پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کا قیادت کے پاس استعفے جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے پچیس اراکین قومی اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت کو موصول ہو گئے ہیں ۔ابھی تک اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے استعفیٰ تحریر نہیں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ابھی استعفی نہیں لکھا۔پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں اکتیس دسمبر تک استعفے جمع کروائے جانے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے اراکین کے استعفے بھی بلاول بھٹو کو موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔آغا رفیع اللہ،قادر پٹیل،شاہد رحمانی،شگفتہ جمانی جمانی سمیت ایک درجن کے قریب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے بلاول کو موصول ہو چکے ہیں ،جے یو آئی کے چودہ اراکین قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں سے اراکین کے استعفے مولانا فضل الرحمان کے پاس جمع ہو گئے ہیں ۔بی این پی مینگل،اے این پی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے اراکین کے استعفے بھی پارٹی قیادت کو موصول ہو گئے ہیں ۔استعفے سپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کے نام تحریر کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق اابھی تک ایک بھی استعفا سپیکرز کو موصول نہیں ہوا ۔استعفے موصول ہونے کے بعد بیک وقت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو بھجوائیں گے۔استعفے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے بعد پیش کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں