حکومتی وزرا کا ن لیگ سے مذاکرات کیلئے رابطہ مگر مریم نواز نے دوٹوک فیصلہ سنا دیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی وزراء ن لیگ سے رابطےکررہے ہیں ۔ لاہور میں بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وزراء ہم سے رابطے کی کوششیں کررہے ہیں لیکن وزراء کی بات سننے میں دلچسپی نہیں ہے، اب وقت

ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ وہ دادی کی وفات پر افسوس کے لیے آئے۔پرسوں پی ڈی ایم کا جلسہ ہے اس پر بات چیت ہوئی ہے، ہمارا پلان آگے بڑھے گا تو حکومت کی گھبراہٹ بھی بڑھتی جائے گی۔ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا مقابلہ نوازشریف یا پی ڈی ایم سے نہیں بلکہ ڈی جے بٹ اور ٹینٹ والوں سے ہے،ملتان میں بھی سٹیڈیم کو سیل کیاگیا ،ملتان میں جلسہ نہیں ہوا ملتان کے لوگوں کو غصہ آیا باہر نکل کر بغیر ساؤنڈ سسٹم کے کامیابی سے ملتان کا جلسہ ہوا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہم یہاں تعزیت کیلئے آئے تھے، اسی طرح جلسہ بھی ہونے والا ہے، جلسے کی تیاری اورحکومت کی پریشانی سب کے سامنے ہے، 13 دسمبر کو تاریخی جلسہ ہوگا ، پی ڈی ایم کا پیغام ریفرنڈم جس طرح عوام نے گوجرانوالہ پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں سنایا تھا اسی طرح لاہور بھی فیصلہ دے گا کہ اسلام آباد میں کٹھ پتلی وزیراعظم اکیلا کھڑا ہے جبکہ عوام جمہوری جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے،حکومت اور سہولتکاروں کو سوچنا پڑے گاکہ وہ کتنی دیر تک عوام کی امیدوں کے سامنے دیوار بن کرکھڑے رہیں گے؟ پی ڈی ایم کا پہلا فیز کامیابی سے آگے بڑھا، 13 دسمبر کے بعد دوسرا فیز شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا دوستوں میں جو خبریں فیڈ کرتے ہیں، وہ پی ڈی ایم کے بننے سے لے کر اب تک دراڑ پیدا کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں، لیکن وہ ناکام ہیں، میں گلگت بلتستان میں تھا تو مجھے خبریں ملیں کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے الگ ہوجائے گی،پھر کافی دوستوں نے استعفوں کے معاملے پر باتیں کیں کہ دراڑ پیدا ہو، لیکن پی ڈی ایم نے 31 دسمبر تک استعفے دینے کا فیصلہ کیا، پیپلزپارٹی اس فیصلے کے ساتھ ہے، میرے پاس دھڑا دھڑ استعفے آرہے ہیں، انشاء اللہ اس دن سے پہلے سارے استعفے آجائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close