لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نےچئیرمین این ڈی ایم اے کا عہدہ چھوڑ دیا،این ڈی ایم اے کا نیا سربراہ کون ہو گا؟

اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین این ڈی ایم اے اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے چئیرمین این ڈی ایم اے کا چھوڑ دیا ہے۔

عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیراعظم عمران خان سے خصوصی و الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے الوداعی ملاقات میں لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کی خدمات کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عہدے سے سبکدوشی کے موقع پر وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل افضل کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کرونا وائرس وبا کے پھیلاو کے بعد مسلسل متحرک رہے۔ان کی سربراہی میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کرونا وبا کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے۔ لیفٹیننٹ جنرل افضل کی سبکدوشی کے بعد فی الحال نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے نئے سربراہ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے 1986 میں 174 انجینئر بٹالین میں کمشن حاصل کیا ، انہوں نے ملٹری کالج آف انجینئرنگ سے سول انجینئرنگ میں گریجو ایشن اور جیو ٹیکنیکل انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ،وہ 314 ” اسالٹ انجینئربٹالین “ کی کمانڈ کر چکے ہیں ، انہوں نے ہیٹی میں اقوام متحدہ کے مشن میں بھی خدمات انجام دیں اور سیرا لیون میں پاکستانی چوتھے دستے کی سربراہی کا اعزاز بھی رکھتے ہیں ۔جنرل محمد افضل انفینٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر بھی رہ چکے ہیں ۔ الواداعی تقریب میں وفاقی وزیر اسد عمر نے چیئرمین این ڈی ایم کی شاندار خدمات پر انہیں اعزازی شیلڈ سے نواز جبکہ انہوںنے ٹویٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے خصوصی پیغام بھی جاری کیا ۔ اپنے پیغام میں اسد عمر کا کہناتھا کہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں جنرل افضل کی سربراہی میں این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو پاکستان کی کامیاب کوشش کی ایک اہم بنیاد کے طور پر یاد رکھا جائے گا ، انہوں نے اس وقت ڈیلیور کیا جب قوم کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں