واجبات کی ادائیگی شروع ہو گئی، ریٹائرڈ ملازمین کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور (این این آئی)پاکستان ریلوے نے گریڈ ایک تا پانچ کے ریٹائرڈ ملازمین کے2016-17 سے رکے ہوئے پنشن کے واجبات ادا کر دئیے۔ یہ بات وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 6 سے گریڈ 10 تک کے پنشنرز کے واجبات اگلے مہینے کی

پہلی تاریخ کو ادا کردیں گے۔ ملازمین کی سہولت کے لیے تنخواہوں کی طرح تمام پنشنرز اور بیوائوں کے چار سے پانچ سال کے واجبات ان کے بنک اکائونٹ میں جائیں گے تاکہ ان کو پیسے وصول کرنے میں آسانی ہو۔ تین ماہ میں پنشنرز اور بیوائوں کے واجبات کلیئر کرنے جارہے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ گریڈ ایک سے گریڈ پانچ تک کے تمام ملازمین اور پنشنرز جن کی تعداد تقریباً 1606 ہے جبکہ گریڈچھ سے گریڈ دس کی تعداد تقریباً اڑھائی ہزارہے ، اس کے بعدگریڈ11 سے 16 گریڈ کے پنشنرز کے واجبات ادا کریں گے ، یہ واجبات 2017 سے واجبب الادا تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری وزارت میں سب سے بہتر کاموں میں سے ایک یہ ہوا کہ سب کو واجبات کی ادائیگی کردی گئی ہے۔دسمبر کے مہینے میں کرسمس کی مناسبت سے اپنے مسیحی بھائیوںکے واجبات بھی ادا کردئیے تھے اور تنخواہ جلد دینے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ یکم جنوری سے عوام کی سہولت کے لیے شالیمار ایکسپریس فیصل آباد سے کراچی اور کراچی سے فیصل آباد کے درمیان چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ حاضری کے سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے بائیومیٹرک حاضری سسٹم کو ہرصورت لاگو کررہے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ دھند کے باوجود ٹرینوں کے اوقات کار کو بہتر کیا جائے تاکہ مسافروں کو دوران سفر کسی قسم کی پریشانی کاسامنا نہ کرنا پڑے اور وہ وقت پر اپنی منزل پر پہنچ سکیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں