چیئر مین نیب براہ راست شکایات سنیں گے، ہر ماہ کھلی کچہری لگانے کا فیصلہ کر لیا، کس روز کچہری لگے گی؟

اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب )کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بزنس کمیونٹی کے کردار کا معترف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن ڈاکٹر جیسو مال ٹی لیمانی کی قیادت میں پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں سابق چیئرمین کاٹن جنرز ایسوسی ایشن،سہیل محمود،ایگزیکٹو ممبرمحمد اسحق،علمدار حسین ،محمد ایوب اور افضل عباس شامل تھے۔چیئرمین نیب نے وفد کو بتایا کہ بدعنوانی سے متعلق شہریوں کی شکایات سننے کے لئے ہر ماہ کی آ خری جمعرات کو کھلی کچہری لگانے کا فیصلہ کیا۔نیب نے نہ صرف سینکڑوں شہریوں کی شکایات سنی ہیں بلکہ نیب کو ہزاروں شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ 2019کے مقابلہ میں دوگنا ہیں۔نیب غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ سکینڈل میں بھی کارروائی کر رہا ہے۔چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کے سیلز اور انکم ٹیکس سے متعلق مقدمات کی پیروی نہیں کررہااورموجودہ سیلز اور انکم ٹیکس سے متعلق تمام مقدمات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو قانون کے مطابق کارروائی کیلئے بھیجے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان،بہاولپور اورسکھر کے کاٹن جنرز مالکان کو جاری کیے گئے نوٹس پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب ذاتی حیثیت میں مقدمات کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف افواہیں ہیں۔ نیب کی کارروائیوں کے باعث بزنس کمیونٹی متاثر ہو رہی ہے،یہ تاثر درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کے مختلف احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1210ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔ان میں سے کوئی بھی کاٹن جننگ فیکٹری کے مالکان کے

خلاف نہیں۔جس سے نیب کے خلاف اس تاثر کے پروپیگنڈہ کی نفی ہوتی ہے۔بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی خوشحال ہو گی تو ملک خوشحال ہو گا۔نیب قانون کے مطابق اپنا فرض ادا کر رہا ہے۔اور نیب عوام دوست ادارہ ہے جو کہ ہر شخص کی عزت نفس پر بھرپور یقین رکھتاہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کر نا نیب کی اولین ترجیح ہے۔اس لئے نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی شکایات سیل قائم کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال نیب ہیڈکوارٹرز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ایک ڈائریکٹر کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا تھا۔نیب قانون کے مطابق بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔وفد نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ذاتی کاوشوں کو سراہا اور نیب پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کرپشن فری پاکستان کے لئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے اس حوالے سے پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close