سیالکوٹ (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افسوس ہے لاک ڈاون پر تنقید کرنے والے آج جلسہ کررہے ہیں ، وائرس کو روکنے کا بہترین حل یہ ہے کہ لاک ڈاون لگادیا جائے اور ماسک پہنیں ، کورونا کی دوسری لہر میں احتیاط نہ کی تویہ سردیاں بہت مشکل سےگزریں گی۔ سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی سے
خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران مشکلات کا سامنا تھا کورونا کی پہلی لہر کے دوران عوام نے تعاون کیا اپوزیشن تنقید کررہی تھی کہ میں مکمل لاک ڈاوَن نہیں کررہا، آج وہی اپوزیشن کورورنا کی دوسری لہر کے دوران جلسے کررہی ہے ، امریکہ میں بہت تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے، اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا تو اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بچاسکتے ہیں، ماسک کے استعمال سے کورونا وبا سے بچا جاسکتا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں چھوٹا سا طبقہ امیر اور باقی غریب ہوں، چین نے 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا،چین سی پیک کے ذریعے اپنے مغربی چین کو اوپر اٹھانا چاہتا ہے، انڈسٹریلائزیشن کے ذریعے ملک کو اوپر اٹھائیں گے،ہم نے اپنی ایکسپورٹس میں اضافہ کرنا ہے، احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، جب تک ہمارے ملک کی دولت نہیں بڑھے گی ملک کو غربت سے نہیں نکال سکتے، جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان پر خاص توجہ دی جائے گلگت بلتستان،فاٹا اور بلوچستان پیچھے رہ گیا ہے، ڈی جی خان کے قبائلی علاقے سب سے پیچھے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی سے ملنے آیا ہوں سیالکوٹ ملکی ایکسپورٹ کاحب بننے جارہاہے آنے والے دنوں میں سیالکوٹ ایکسپورٹرز کا سینٹر بن جائیگا، سیالکوٹ نے خود پیسے جمع کرکے شاندار ایئر پورٹ بنایا، ایئر سیال سے سیالکوٹ اور پاکستان کو فائدہ ہوگا، سیالکوٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنا رہے ہیں 60کی دہائی میں پاکستانی تیزی سے ترقی کررہا تھا، ہم نے بزنس کمیونٹی کی رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں