لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس منعقد ہوا۔کابینہ کے اجلاس میں 28نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 5سیمنٹ پلانٹس لگانے کی منظوری دی گئی۔سیمنٹ پلانٹس لگنے سے صوبے میں تقریباً 200ارب روپے کی نئی
سرمایہ کاری ہوگی اورروزگار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے اورسیمنٹ کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔سیمنٹ پلانٹس لگانے کیلئے90روزکے اندر5محکموں کی جانب سے این اوسی کا اجراء یقینی بنایا گیاجبکہ صوبے میں مزید11سیمنٹ پلانٹس لگانے کی درخواستوں پر ضروری کارروائی کا آغاز کردیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیمنٹ پلانٹس سے متعلقہ امور مقررہ مدت میں نمٹانے کی ہدایت کی ہے ۔اجلاس میں بارش،سیلاب اورژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کے نقصان کے ازالے کے لئے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دی گئی۔مالی امداد پیکیج کے دوسرے اورتیسرے مرحلے میںکروڑوں روپے سے زائد کی رقم متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔پنجاب کابینہ نے موٹر گاڑیوں کی تاخیر سے رجسٹریشن پر اضافی فیس معاف کرنے کی منظوری دی۔لاک ڈاؤن کے دوران یکم اپریل2020سے اکتوبر2020تک گاڑیوں کی رجسٹریشن نہ کرانے والوں کو اضافی فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اوراضافی فیس کی معافی کیلئے درخواستیں 15جنوری2021تک دی جاسکیں گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی کوپراونشل موٹر وہیکلز آرڈیننس 1965 کے سیکشن 30 کے تحت موٹر گاڑیوں کی دوبارہ رجسٹریشن سے متعلق امور کاازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دوردرازکے علاقوں(ہارڈ ایریاز)کے سکولوںمیںمقامی ٹیچرز کی بھرتی ہوگی اوربھرتیوں سے دوردراز علاقوں کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دورکیا جاسکے گا۔اجلاس میں کابینہ نے آن لائن کالج ایڈمیشن سسٹم کی منظوری دی اورمحکمہ ہائر ایجوکیشن کو بینک آف پنجاب کے ساتھ فری آن لائن کالج ایڈمیشن کے لئے معاہدہ کرنے کی اجازت دی ۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی توثیق کی گئی،ان فیصلوں کے تحت نجکاری بورڈ کی 697زمینیںڈویژنل کمشنرز کو منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے اورکمشنرز یہ اراضی شفاف طریقے سے نیلام کریںگے۔اجلاس میںجھنگ کے علاقے تریموں میں1263میگاواٹ کے آر ایل این جی پاور پلانٹ کیلئے حکومت پنجاب کے10ارب روپے کے عارضی قرضے کو سپانسرسپورٹ میںتبدیل کرنے کی منظوری دی جبکہ محکمہ توانائی کوبینکوںکے کنسورشیم کے درمیان معاہدے کی اجازت دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں4 وائلڈ لائف پارکس کو زوالوجیکل گارڈنز قرار دینے کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے وہاڑی،بہاولنگر ،لوئی بھیرراولپنڈی اوربانسرہ گلی مری کے 4 وائلڈ لائف پارکس کو زوالوجیکل گارڈنز قرار دینے کی منظوری دی۔شاہدرہ میں چلڈرن اینڈ فیملی پارک کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔کابینہ نے پارک کے لئے 70کنال اراضی منتقل کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں وویمن ہاسٹل اتھارٹی بل 2020 کی منظوری دی گئی۔ اتھارٹی پرائیویٹ ہاسٹلوں کو لائسنس جاری اورمانیٹرنگ کرے گی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں