اجتماعی استعفے، تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ؟ حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن کیا کرنے جارہی ہے؟ تہلکہ خیز خبر آگئی

شیخوپورہ(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم اور چاپلوس وزرا کا جانا ٹھہر گیا، گرفتاریوں سے تحریکیں نہیں روکی جا سکتیں ،پی ڈی ایم موجودہ حکومت سے نجات کی تحریک ہے، پاکستان کو پرامن طور پر اسلامی جمہوری

مملکت بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے ،13دسمبر نالائق ٹولے کی رخصتی کی ڈیڈ لائن ہے، ان حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے اجتماعی استعفوں، تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں، 8دسمبر کے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،عمرانی حکومت نے عوام کو جھوٹے وعدوں اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا ،عوام اب اس جعلی حکومت کو ایک لمحہ برداشت کرنے کو تیار نہیں۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئےرانا تنویر حسین نے کہا کہ حکمران اتنے ڈرے ہوئے ہیں کہ انہیں خواب میں بھی نواز شریف نظر آتا ہے، پی ڈی ایم کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ قابل مذمت ہے ،حالات سے گھبرانے والے نہیں، لاہور کا جلسہ موجودہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے، عمران خان نے پاکستانی عوام سے دھوکہ کیا ،جھوٹ بولا، سبز باغ دکھائے اور کوئی وعدہ پورا نہیں کیا جبکہ الٹا عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مسلم لیگ ن کے خلاف پروپیگنڈہ کرکے حکمران جمہوری اقدار کا جنازہ نکال رہے ہیں، سہانے خواب دکھا کر اقتدار حاصل کرکےاپناایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، قوم کو مہنگائی کےسواکچھ نہیں ملا،مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،غریب عوام روٹی کا بندوست کرتے ہیں تو بچوں کی فیس کا پتہ نہیں چلتا،یوٹیلٹی بلزناقابل برداشت ہیں،چینی آٹا سب ہی ناپید ہے، آٹا چوروں اور چینی چوروں کے حساب کا وقت آگیا ہے، پوری قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ عمران خان عزت سے استعفی دے کر گوشہ نشین ہو جائے ورنہ پاکستانی عوام اسے گھسیٹ کر وزیراعظم ہاؤس سے نکالے گی۔انہوں نے کہاکہ نالائق آٹا چوروں، چینی چوروں، میڈیسن اور پیٹرول مافیاکی سرپرست حکومت کا بوریا بستر گول ہونے کا وقت آ گیا ہے،13دسمبر کو لاہور میں بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں