مریم نواز کی موجودگی میں ن لیگ کےاسٹیج سے ’’ گو نواز گو ‘‘ کا نعرہ لگ گیا

لاہور(پی این آئی)مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن میں اسٹیج سے’ گو نواز گو‘ کے نعرے لگوادیئے گئے۔ن لیگ کا سوشل میڈیا کنونشن کھوکھر پیلس میں ہوا جس میں پارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز بھی موجود تھیں۔ ہم نیوز کے مطابق تقریب کے دوران رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر کی زبان پھسل گئی اور انہوں نے اسٹیج سے’گونواز گو‘ کانعرہ لگوا دیا۔

کھوکھر پیلس میں ہونے والی تقریب میں مسلم لیگ ن کی خواتین ورکرز بھی موجود تھیں۔ افضل کھوکھر نے پہلے نوازشریف، مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے نام لے کر زندہ باد کے نعرے لگوائے اور بعد ازاں جوش خطابت میں ان کی زبان پھسل گئی۔افضل کھوکھر کو جیسے ہی اپنی غلطی کا احساس ہوا انہوں نے’وزیراعظم نوازشریف‘ اور’گو نیازی گو‘ کے نعرے لگوانا شروع کر دیئے۔دوسری جانب فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کے ورکرزکنونشن میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تھانہ سرگودھا روڈ میں 2500 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تاہم کسی فرد کو نامزد نہیں کیا گیا۔ کریسنٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ن لیگ کے ورکر کنونشن میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، لیگی رہنما احسن اقبال، رانا ثناء اللہ اور اویس لغاری نے شرکت کی تھی ،ضلع سے تعلق رکھنے والے لیگی ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز بھی ورکر کنونشن میں شامل تھے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے سبب وبا کی صورتحال قابو سے باہر ہوتی دکھائی دے رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 58 افراد موت کی گہری کھائی میں جا سوئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 361 تک پہنچ گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹے میں تین ہزار 308 نئے مریض سامنے آئے ہیں، مہلک وائرس سے 4 لاکھ 16 ہزار 499 شہری متاثر ہو چکے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 53 ہزار 126 تک پہنچ چکی ہے۔ ملک میں کورونا کے پھیلاو کی وجہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد نہ ہونا ہے۔‎

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں