پی ڈی ایم کے لاہور جلسے سے قبل مریم نواز کی گرفتاری کا عندیہ دیدیا گیا

لاہور (پی این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے جلد جیل جانے کی پیشگوئی کردی ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کہیں بھی نہیں جارہی بلکہ ضمانت منسوخ ہونے کے بعد مریم نواز اپنے اصل گھر جیل جائیں گی تاہم

یہ عدالت نے طے کرنا ہے کہ ان کی ضمانت کب منسوخ ہو رہی ہے ، کیوں کہ ہم نہیں چاہتے اپوزیشن کا کورونا علاج کرے بلکہ ہم تو ان کا آئینی عدالت سے علاج چاہتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز جو روز سیاسی چٹکلے چھوڑ رہی ہے کہ حکومت گھر جارہی ہے لیکن حکومت کہیں نہیں جارہی ہے مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا کیونکہ حکومت ان بازوؤں کے زور اور طاقت کو آزمانا چاہتی ہے ، ذہنی معذوری کے شکار پی ڈی ایم کے ٹولے نےعوام سے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا کیوں کہ عوام نے انہیں مسترد کردیا تھا بدلہ لینے کیلئے پی ڈی ایم نے عوام کو کورونا کے آگے دھکیل دیا اور اپنی خواہشات کا ایندھن بنا کر اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی لولے لنگڑے حکومت کو گیدڑ بھبکیوں کے ذریعے نیچا دکھانے میں مصروف عمل ہیں ان کو سمجھ یہ نہیں آ رہی کہ یہ حکومت دشمنی نہیں بلکہ عوام سے دشمنی کر رہے ہیں جنہوں نے سیاسی منظرنامے کو اپاہج کر کے عوام کو سیاسی غلام بنایا اور ہم سیاسی غلامی کا شکار ان معصوم عوام کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اس سیاسی غلامی سے بھی نجات دلائیں گے اور سیاسی معذوری کا شکار ان ذہنی معذوروں کا بھی بہتر طریقے سے علاج کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں