حکومت کب اور کیسے ختم ہوگی؟ وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کو پیغام پہنچا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت جلسوں سے نہیں، آئینی مدت پوری ہونے پر ختم ہوگی، جلسوں سے حکومت ختم ہونے کی آس لگانے والے انتظارکریں، پی ڈی ایم غیرملکی طاقتوں کے اشاروں پرچل رہی ہے، جس کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو

کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو اپنی مقبولیت کا اندازہ گلگت بلتستان انتخابات سے ہوجانا چاہیے تھا۔حکومت جلسوں سے نہیں آئینی مدت پوری ہونے پر ختم ہوگی۔ جلسوں سے حکومت ختم ہونے کی آس لگانے والے انتظارکریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے ملکی ترقی اور تبدیلی ہضم نہیں ہورہی۔ پی ڈی ایم میں شامل سیاست دان ملکی ترقی کے دشمن ہیں۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عوام کے خیرخواہ کیسے ہوسکتے ہیں۔پی ڈی ایم غیرملکی طاقتوں کے اشاروں پر چل رہی ہے۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتی ہیں۔ مزید برآں وزیر خارجہ کی وزیر اعظم سیٹیزن پورٹل کے دو سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وزارت خارجہ نے وزیر اعظم سیٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران ہم نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی معاونت کیلئے 24/7 بنیادوں پر کرائسز سینٹر قائم کیا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے وطن واپسی کے منتظر لاکھوں تارکین وطن کو واپس لانے میں معاونت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہمارے سفراء نے۔ محدود معاشی وسائل کے باوجود، دل کھول کر پاکستانی کمیونٹی کی معاونت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغامات کے ذریعے پاکستانی سفارت خانوں کے کردار کی تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران نے ایک دفعہ پھر ثابت کیا ہے کہ لگن سچی ہو اور خدمت خلق نصب العین ہو تو کامیابی ضرور حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کامیابی پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close