وزیراعظم عمران خان نے نمل یونیورسٹی کے بعد ایک اور یونیورسٹی بنانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نمل کے بعد ایک اور یونیورسٹی بنانے کا اعلان کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ پہلے نمل یونیورسٹی بنائی ہے اب ایک اور القادر یونیورسٹی بنارہاہوں ، القادر یونیورسٹی اگلے سال تک بن جائے گی

جہاں اسلام کی تاریخ پر ریسرچ اور صوفی ازم کی تعلیم دی جائے گی کیوں کہ برصغیر میں صوفی شخصیات کے توسط سے ہی اسلام کا پھیلاو ممکن بنا جب کہ ہمارے نبی حضور صلی اللہ علیہ آلہ وسلم ہی ہمارے رول ماڈل ہیں ، اس لیے ہمیں سب سے پہلے اپنے نوجوانوں کو یہ بتانا چاہیے کہ ان کا رول ماڈل کیا ہے ، اسی بناء پر ہم نے آٹھویں سے دسویں جماعت میں سیرت نبیﷺ کا مضمون شامل کیا ہے ، جس میں آپ صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی زندگی کا مکمل احاطہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ یکساں نصاب کا نظام اگلے سال سے لا رہے ہیں کچھ مضامین ایسے ہوں گے جو سب کو پڑھنے پڑیں گے ، ہم نے دینی مدارس سے بھی کہا ہے کہ وہ دینی تعلیم کے ساتھ دوسری کتابیں بھی پڑھائیں تاکہ وہ مرکزی دھارے میں آ سکیں جس پر وہ مان گئے ہیں اور یہ بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دائمی خوشی روحانیت سے میسر آتی ہے، معاشرے کی برائی کو اچھائی بنا کر پیش کیا جائے تو وہ پھیل جاتی ہے، مغرب میں پاپ اسٹارز نے ڈرگ کو فیشن بنایا، ہمارا خاندانی نظام ہمیں برائیوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے، ہم چھوٹے تھے تو جب والدہ سونے سے پہلے کہتی ہمیں سیدھے راستے پر چلا، تو ہم سوچتے تھے کہ یہ سیدھا راستہ کتنا بیزاری والا ہوگا، کیونکہ ہم فلمیں دیکھتے تھے لیکن جب میں مطالعہ کیا تو پتا کہ خوشی اللہ کی طرف سے آتی ہے، جبکہ عارضی خوشی ڈرگ اور نشے سے آتی ہے، اللہ کی طرف سے آنے والی خوشی روح کیلئے ہوتی ہے، یہ ان کو ملتی ہے جو اللہ کیلئے کام کرتے ہیں، جبکہ نشے والی خوشی وقتی ہوتی ہے، منشیات کا عادی ہونا یہی ہے کہ جتناآج نشہ لیا اس کے بعد پھر زیادہ لینا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں پاپ اسٹارز نے ڈرگ کو فیشن بنا دیا، پاپ اسٹارز کی زندگیاں تباہ ہوتے دیکھیں، معاشرے کی برائی کو اچھائی بنا کر پیش کیا جائے تو وہ پھیل جاتی ہے، اس طرح وہاں برائی پھیلی اور خاندانی نظام تباہی کی طرف گیا،بالی وڈ نے ساری فلمیں ہالی وڈ سے لیں،ہالی ووڈ میں آنے والی تبدیلی 10سال بعد بالی ووڈ پہنچ جاتی ہے، مغرب میں بہت زبردست فلاحی نظام ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں