اسلام آباد (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل پر پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی رؤف کلاسرا نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ ہمت کر کے مجھے اور عامر متین کو انٹرویو دے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام سیاستدانوں کے اپنے اپنے اینکرز ہیں۔ عمران خان کے اپنے اینکرز ہیں ،
اسحاق ڈار کے اپنے اینکرز ہیں، زرداری صاحب کے اپنے اینکرز ہیں۔سب ایک یا دو اینکرز کے علاوہ کسی کو انٹرویو نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آفیشل طور پر ان کو کہہ دیتے ہیں کہ عمران خان تھوڑی ہمت کر کے مجھے اور عامر متین کو بغیر کسی کنڈیشن اور اسکرپٹ کے انٹرویو دے دیں۔ رؤف کلاسرا نے کہا کہ ان تمام ایلیٹ سے انٹرویوز لینے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ کو حلف لینا چاہئیے کہ ہم آپ سے کوئی ایسا سوال نہیں پوچھیں گے ، آپ کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائیں گے۔آپ کو کوئی مشکل نہیں ہو گی۔ یہی نہیں آپ کے منہ پر بیٹھ کر آپ کی تعریفیں بھی کریں گے۔سب اینکرز یہی کہتے ہیں کہ عمران خان دل کے بہت اچھے ہیں اور انہوں نے ہمارے سوالات کے جواب دئے حالانکہ یہ سب خوشامد کر رہے ہوتے ہیں۔ پروگرام میں موجود صحافی عامر متین نے کہا کہ میرے ساتھ بھی ایک مرتبہ ایسا ہو چکا ہے، شہباز شریف نے مجھے انٹرویو کے لیے بلا تو لیا تھا لیکن انہوں نے یہ کہہ کر ٹال دیا تھا کہ اگلی مرتبہ کریں گے لیکن وہ اگلی مرتبہ آج تک نہیں آئی۔عامر متین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شہر کے سارے لوگوں کو انٹرویو دے دیا ہے سوائے ہمارے۔ جس پر رؤف کلاسرا نے کہا کہ عمران خان ہمیں کبھی انٹرویو دیں گے بھی نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں