اسلام آباد (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے حیرت انگیز دعویٰ کیا اور کہا کہ ہم نہیں فوج نیب قوانین میں تبدیلی چاہتی تھی ، وہی لے کر آئی تھی۔ جس پر اینکر نے ان سے سوال کیا کہ اُن کا کیا مفاد تھا ؟ جس پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مفاد ان کا نہیں
ملک کا تھا۔مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کے اس دعوے پر پروگرام اینکر وسیم بادامی بھی حیرت میں مبتلا ہو گئے جبکہ پروگرام میں موجود وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی مفتاح اسماعیل کے اس دعوے پر خاموش نظر آئے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جانے کے بعد سے ہی پارٹی رہنماؤں نے فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے جلسے جلوسوں میں کی جانے والی تقاریر میں ملکی اداروں پر بھی تابڑ توڑ حملے کیے۔نواز شریف نے بھی لندن جانے کے بعد ملکی اداروں کے خلاف سخت بیانیہ اختیار کیا جسے اُن کی صاحبزادی مریم نواز نے نہ صرف سپورٹ کیا بلکہ اس بیانیے کو مزید تقویت بھی دی۔ یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن آج بھی اندرونی طور پر اختلافات کا شکار ہے جس کی وجہ پارٹی میں موجود مختلف بیانیے ہیں۔ پارٹی کے مختلف بیانیوں کی وجہ سے ہی مسلم لیگ ن کے کئی سینئیر رہنما مریم نواز کی قیادت میں کام نہیں کرنا چاہتے اور انہوں نے پارٹی معاملات سے خود کو علیحدہ کر رکھا ہے۔ مریم نواز کے اپنے چچا شہباز شریف ، جنہیں مفاہمتی سیاست کے لیے جانا جاتا ہے ، نے بھی اپنی بھتیجی کی سیاست پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تاہم اب مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے نیب قوانین کو فوج سے جوڑ دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں