اب کوئی غلط کام کرےگا تو تبادلہ نہیں بلکہ نوکری سے نکالیں گے، وزیراعظم نے کس کو وارننگ دیدی؟

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی کا احتساب ہوگا، اب کوئی غلط کام کرےگا تو تبادلہ نہیں بلکہ نوکری سے نکالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی سے متعلق تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کی جانب سے بیوروکریسی کو وارننگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی اعلیٰ افسر پیسوں کا مطالبہ کرے تو پورٹل پر شکایت کریں، ہم اس کیخلاف ایکشن لیں گے، افسر شاہی مزيد برداشت نہيں کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ تھانیدار جب کرپشن کرتا ہے تو لوگ اس سے تنگ ہوتے ہیں، ڈی سی ،تھانیدار سمیت سرکاری افسرپیسے مانگے تو فوری سٹیزن پورٹل پر بتائیں، پورٹل کےذریعے بیورو کریسی کا بھی احتساب ہوسکتا ہے،کوئی غلط کام کرے گا تو تبادلہ نہیں اسے نوکری سے نکالیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ سٹیزن پورٹل سے انتظامی امور بہتر بنانے میں بھی مدد مل رہی ہے، سٹیزن پورٹل سے ہمیں بھی کارکردگی جانچنے کا موقع ملتاہے۔ملک میں نیا بلدیاتی نظام لارہےہیں جس سے انقلاب آئیگا۔ اس نظام سے پیسہ نچلی سطح پر منتقل ہوگا تو گاؤں کے لوگ اپنے فیصلے خود کرینگے، بڑے شہروں کے اپنے الیکشن ہونگے ان کی اپنی بلدیاتی حکومت ہوگی۔ اس نئے بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل انکی اپنی دہلیز پر حل ہوں گے۔ سٹیزن پورٹل میں یہ بھی چیز سامنے آئی کہ ہمارا بلدیاتی نظام کام نہیں کرتا، میونسپل کے بارے میں زیادہ شکایات سے لگتا ہے کہ بلدیاتی نظام درست نہیں ہے، اسی لیے ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں کہ جس سے نچلی سطح تک لوگوں کے مسائل حل ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں