عمران خان صاحب استعفیٰ دیدیں، اگر آپ دودھ کے دھلے اور ہم چور ہیں تو ڈر کس بات کا ہے، آپ پھر اقتدار میں ہونگے، ن لیگی لیڈر نے چیلنج دے دیا

لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان میں72 سال سے عجیب کھیل جاری ہے، لوگ ووٹ دیتے ہیں لیکن اس ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی ،انگریز چلا گیا لیکن اپنی باقیات اور سوچ چھوڑ گیا،ملک آزاد تو ہو گیا لیکن لوگوں کو حقیقی آزادی نہ مل سکی،تیرہ دسمبر کو

لاکھوں کی تعداد میں لوگ مینار پاکستان جلسہ میں آئیں گے ،پورا پاکستان لاہور کے جلسہ کو دیکھ رہا ہے، صوبے دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا بڑا بھائی کب اٹھے گا۔ لاہور جلسے کے حوالے سے شیرا کوٹ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد لوگوں میں آسانیاں لانا ہوتا ہے لیکن آج پی ٹی آئی نے سیاست سے بھی کھلواڑ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ مہر اشتیاق کو ووٹ دیتے ہیں صبح جیت کوئی اور جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی دو وقت کی روٹی اور ضرورت کی کچھ چیزیں ہی چاہتا ہے لیکن موجودہ حکومت کو عوام کے مسائل اور ضروریات سے کوئی سروکار نہیں ، ہم نے تمام مسائل کے باوجود لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے ، موٹر ویز کا جال بچھا یا۔شہباز شریف کو صوبے کی عوام کی خدمت کا یہ صلہ دیا گیا کہ ان کو جیل میں ڈال دیا گیا،ہم کئی فرعون دیکھ چکے ہیں اب عمران نیازی کو مسلط کر دیا گیا ۔ا نہوں نے کہا کہ ملکی بہتری کے لئے ہم نے دھاندلی زدہ انتخابات کو بھی تسلیم کیا لیکن نا اہل اور نالائق حکومت ملک اور عوام کو کچھ ڈیلیور نہیں کرسکی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ، موبائل اور جدید ٹیکنالوجی نواز شریف ہی لے کر آیا،پرویز مشرف اگر ملک پر قبضہ نہ کرتا تو کراچی سے پشاور تک موٹر وے 2002 میں ہی بنا دیتے ۔ا نہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامپر مہنگائی بم گرایا دیاہے ،بچے کچھے پاکستان کو بچانے کا وقت آن پہنچا ہے ،ہمیں کورونا میں جلسے کرنے کاشوق نہیں ، ہم اس لئے باہر ہیں کہ ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے ،اس ملک کا نوجوان بے روزگار ہو گیا ہے ، عمران خان صاحب استعفیٰ دے دیں، اگر آپ دودھ کے دھلے اور ہم چور ہیں تو ڈر کس بات کاہے ، آپ پھر اقتدار میں ہوں گے۔تیرہ دسمبر کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ مینار پاکستان جلسہ میں آئیں گے ،پورا پاکستان لاہور کے جلسہ کو دیکھ رہا ہے، صوبے دیکھ رہے ہیں کہ ہمارا بڑا بھائی کب اٹھے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close