لاہور( این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا آپشن زیر غور ہے لیکن ابھی اس کے شیڈول کا اعلان قبل از وقت ہے،سونامی کو ناکامی کے بعد اب بدنامی کا سامنا ہے، ان ہائوس تبدیلی کے لیے آئینی طریقہ کار موجودہے، کسی غیر آئینی اقدام کا ساتھ نہیں دیں گے،
پی ڈی ایم والوں نے چار چار دفعہ باریاں لیں،پی ٹی آئی نے ڈھائی سال میں نااہلی کے سبھی ریکارڈ توڑدئیے ، حکمران طبقہ نے 70 سالوں میں عوام سے بے وفائی کی ان سب کو گھر بھیجنا ہماری جدو جہد کا مقصد ہے ،حکومت معذور افراد کے لیے بہترین تعلیمی و طبی سہولتوں کا مفت بندو بست کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر منصورہ میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام الخدمت فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کی وفاقی و صوبائی حکومتیں انتہائی کمزور وکٹ پر کھڑی ہیں ۔ اگر اپوزیشن جماعتیں ان ہائوس تبدیلی لانا چاہتی ہیں تو اس کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے ، تاہم انہوںنے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پکڑ دھکڑ و خرید و فروخت کے حربوں اور دیگر کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سونامی کو گزشتہ ڈھائی سالوں میں ہی ناکامی کے بعد بدنامی کا سامنا کرنا پڑ گیاہے ۔ متحدہ اپوزیشن کی تحریک میں بھی وہ جماعتیں شامل ہیں جو چار چار دفعہ حکومتیں کر چکی ہیں ۔ جب ہم سے کہا جاتاہے کہ جماعت اسلامی پی ڈی ایم کا ساتھ کیوں نہیں دیتی تو ہمارا جواب یہی ہوتاہے کہ پی ڈی ایم جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد میں شامل کیوں نہیں ہو جاتی ۔ حقیقت یہ ہے کہ حکمران طبقے نے 70 سالوں میں عوام اور نظریہ پاکستان کے ساتھ بے وفائی کی ۔ اب وقت آگیاہے کہ اس فرسودہ سیٹس کو کے نظام کو تبدیل کیا جائے ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں