آصفہ بھٹو، بلاول اور آصف زرداری کی سیاست کیلئے بھی خطرہ بن گئیں، ملتان جلسے میں مختصر تقریر کے باوجود پذیرائی، مریم نواز بھی پریشان ہو گئیں

لاہور (پی این آئی) آصفہ بھٹو کو پی ڈی ایم کے لاہور جلسے سے دور رکھنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ آصفہ بھٹو نے ملتان جلسے سے اپنے سیاسی کیرئیر کا ناصرف آغاز کیا، بلکہ بڑے بڑے سیاستدانوں کیلئے خطرے

کا باعث بھی بن گئی ہیں۔ صحافی ارشد شریف کا کہنا ہے کہ انہیں ن لیگ کے لوگوں نے بتایا ہے کہ مریم نواز ملتان جلسے کے بعد آصفہ بھٹو کو ملنے والی پذیرائی سے خوش نہیں ہیں۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہوں نے طویل تقریر کی اور حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ آصفہ بھٹو کی تقریر تو کافی مختصر تھی، پھر آصف زرداری کی بیٹی کو زیادہ پذیرائی کیوں حاصل ہو رہی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ آصفہ بھٹو اپنے ہی والد اور بھائی کی سیاست کیلئے بھی خطرہ بن گئی ہیں۔ ان تمام حالات میں اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ آصفہ بھٹو کو پی ڈی ایم کے باقی جلسوں سے دور رکھا جائے، وہ لاہور کے جلسے میں شرکت نہیں کریں گی۔واضح رہے کہ آصفہ بھٹو نے گزشتہ دنوں پہلی مرتبہ کسی سیاسی جلسے میں شرکت کی تھی۔ آصف زرداری کی صاحبزادی ملتان میں ہوئے پی ڈی ایم جلسے میں شریک ہوئی تھیں اور انہوں نے ایک پراثر تقریر بھی کی۔ اس تقریر کے بعد سیاسی ناقدین کی جانب سے بھی آصفہ بھٹو کی تعریف کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close