اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے لگائے گئے الزام کو غلط خبر قرار دے دیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر اپنے پیغام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ ’’ ڈاکٹر صاحب یہ بالکل
جھوٹ ہے اور کسی نے آپکو غلط فیڈ کیا ہے۔وزیراعظم کی ٹیم میں سے کسی نے ایسا کوئی وزٹ نہیں کیا۔ یہ ایک قومی سلامتی اور نظریاتی ایشو ہے براہ مہربانی بغیر تحقیق کے ایسی غلط خبر دینے سے گریز کریں۔‘‘ اس سے قبل سینیئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم میں سے کچھ ارکان نے اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے،تل ابیب جانے والوں میں منتخب اور غیر منتخب ارکان شامل ہیں۔ڈاکٹر شاہد مسعود ن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے لیے ضروری ہے کہ وہ چیک کریں کہ ان کی 52 ارکان کی ٹیم جس میں کچھ منتخب اور کچھ غیر منتخب ارکان شامل ہیں،ان میں سے کون سے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کا دورہ کیا۔ مجھے معلوم ہے کہ وزیراعظم کے علم میں یہ بات نہیں ہے لیکن اگر وہ خود اس کی تحقیق کریں تو بہتر ہے۔ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ حساس ادارے مجھے ہر بات بتاتے ہیں۔وزیراعظم اُن سے پوچھیں کہ کن لوگوں نے حالیہ مہینوں میں تل ابیب کا دورہ کیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ایک نئی بحث کچھ روز سے جاری ہے۔اس بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کے وزیراعظم نتین یاہو نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا ہے اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔اس خبر کے سامنے آنے پر یہ تاثر پیدا ہوا کہ سعودی عرب کے تعلقات اسرائیل کے ساتھ اچھے ہوتے جا رہے ہیں اور مجبورا پاکستان کو بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنا پڑیں گے تاہم وزیراعظم اس بات کا واضح اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں