ملازمین کے لئے 4 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کافیصلہ مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر 7 بینکوں کا کنسورشیم قائم کر دیا گیا

لاہور( این این آئی )ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں ایل ڈی اے ملازمین کے لئے چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیرکئے جائیں گے۔منصوبے کے لئے وسائل کی فراہمی کی خاطر سات بینکوں کا کنسورشیم قائم کیاگیاہے۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران اور ڈائریکٹر

جنرل احمدعزیز تارڑ سے بینکوں کے اعلیٰ افسران نے ملاقات کی۔ا س موقع پر ملازمین کو اپارٹمنٹس کے لئے مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔بینکوں کی طرف سے ملازمین کو اپارٹمنٹس کے لئے 80فیصد لاگت آسان شرائط پر قرض کی صورت میں مہیا کرنے کی پیشکش کی گئی۔وزیر اعظم پاکستان کے احکامات پر بینکوں نے ملازمین کو کم شرح پر قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چنانچہ اپارٹمنٹس کے لئے قرض لینے والوں سے صرف پانچ فیصدشرح سے مارک اپ وصول کیاجائے گا۔ملازمین سے اس رقم کی وصولی ماہانہ آسان اقساط میں کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔اجلاس میں حبیب بینک ، پنجاب بینک ،فیصل بینک ،بینک الفلاح ، یوبی ایل ، میزان بینک اور نیشنل بینک کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کراچی سے بھی بعض بینکوں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے بھی شرکت کی۔اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز فارقلیط میر، رانا ٹکاخان، چیف میٹروپولیٹن پلانرسید ندیم اختر زیدی، چیف انجینئر عبد الرزاق چوہان، ڈائریکٹر فنانس محمداختر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close